الہ آباد سے اغوا 13 سالہ لڑکا مبینہ زیادتی کے بعد قتل
الہ آباد ،تلونڈی (نمائندہ دنیا،نامہ نگار) الہ آباد سے اغوا ہونے والے 13 سالہ لڑکے کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا، لاش بدھوکی چھانگا مانگا نہر سے برآمد ہوئی، ملزموں کی تاوان مانگنے کی ریکارڈنگ منظر عام پر آگئی۔
تفصیل کے مطابق 6 روز قبل اغوا کئے گئے حسن علی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا ۔ ملزموں نے لڑکے سے 6روز زیادتی کی اور تاوان وصولی کیلئے حسن کی بیوہ ماں کو فون کالز بھی کرتے رہے ، رقم نہ ملنے پر لڑکے کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا۔ مقتول کے اغوا کا مقدمہ تھانہ الہ آباد میں درج تھا۔ تلونڈی سے نامہ نگار کے مطابق 2ملزموں کی گرفتاری کے باوجود پولیس مغوی کو زندہ برآمد نہ کر سکی۔حسن علی کی والدہ نے میڈیا کو بتایا اغوا کاروں نے 10 لاکھ روپے تاوان مانگا، 2ملزموں کی گرفتاری اور موبائل فون برآمد ہونے کے باوجود پولیس مغوی کو بازیاب نہ کراسکی۔ ذرائع کے مطابق واردات سابق دشمنی کا پیش خیمہ بتائی جا رہی ہے ۔ایس ایچ او شیخ اعجاز کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حقائق سامنے آجائینگے ۔