تلخی میں کمی کیلئے حکومت معاہدہ پر عمل کرے :قمر زمان کائرہ

تلخی میں کمی کیلئے حکومت معاہدہ پر عمل کرے :قمر زمان کائرہ

لاہور (سپیشل رپورٹر)سابق وفاقی وزیر وپیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ایک جماعت مشکلات میں ہے ، وہ ڈائیلاگ ان سے کرنا چاہتی ہے جو کر نہیں سکتے ،ہمیشہ سیاسی جماعتیں ہی سیاسی لوگوں سے مذاکرات کرتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب عثمان ملک کے بھائی اور لاہور کے نائب صدر عزیز ملک کی رہائشگاہ پر پارٹی پرچم لہرانے کے بعد حسن مرتضیٰ،عثمان ملک،فیصل میر،عابد صدیقی،علامہ یوسف اعوان و دیگر کیساتھ پریس کانفرنس اور میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔اس موقع پرنوید چودھری،عاصم محمود  بھٹی،تنویر بٹ،رائوخالد، سجاد نذیر بھی موجود تھے ۔قمر زمان کائرہ نے کہا پنجاب کی ٹیم تمام اضلاع میں پرچم لہرائو مہم چلانے پر شاباش کی مستحق ہے ،27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں تقریبات ہونگی ،پارٹی چیئرمین بلاول اگلا لائحہ عمل دینگے ،27دسمبر کو محترمہ کی برسی پر قافلے لاڑکانہ جائینگے ۔بلاول نے مشکل وقت میں حکومت کو ریسکیو کیا ، ملک کو ٹھیک کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی آج بے سمت ہے ، ایسا ہیجان پیدا کیا کہ ملک ایک قدم آگے بڑھتا ہے تو پیچھے بھی ہٹتا ہے ، حکومت سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کررہے ،گلہ شکوہ کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ ساتھ چھوڑ رہے ہیں ،معاہدے کے کچھ نکات پر عمل ہوا کچھ پر نہیں،معاہدے پر عمل کیاجائے تاکہ تلخی کا ماحول کم ہو، کوئی جماعت اکیلے مسائل حل نہیں کرسکتی،سب کو سر جوڑ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ حسن مرتضیٰ نے کہاپرچم لہرائوتحریک جاری رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں