جاں بحق ، زخمی اور لاپتہ کارکنوں کی فہرست عدالت جمع

جاں بحق ، زخمی اور لاپتہ کارکنوں کی فہرست عدالت جمع

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )سینئر سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت نے 24 نومبر ڈی چوک واقعہ پر وزیر اعظم شہباز شریف،وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر اطلاعات عطا تارڑ،وزیر دفاع خواجہ آصف،اسلام آباد پولیس کے آئی جی،ڈی آئی جی،ایس ایس پی سکیورٹی اور دیگر کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی کیلئے دائر شکایت سماعت کیلئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوادی۔

ڈی چوک :جاں بحق ، زخمی اور لاپتہ پی ٹی آئی کارکنوں کی فہرست عدالت جمع کرا دی گئی ۔سماعت کے دوران لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے معاونین خرم لطیف کھوسہ اور اقبال حسین شاہ گیلانی عدالت پیش ہوئے اور بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے مذکورہ شکایت دائر کرتے ہوئے ابتدائی بیان ریکارڈ کرایا،دائر کرمنل کمپلینٹ میں وزیر اعظم ، وزیر داخلہ ، خواجہ آصف ، عطا تارڑ،آئی جی ، ایس ایس پی ، ڈی آئی جی و دیگر کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی اور 38 زخمی پی ٹی آئی ورکرز،پی ٹی آئی کے 139 لاپتہ کارکنوں اورمبینہ طور پر دوران احتجاج جاں بحق ہوجانے والے 12 کارکنوں کی فہرست بھی شکایت کے ساتھ لگائی گئی اور یہ استدعا بھی کی گئی کہ کرمنل کمپلینٹ منظور کر کے وزیراعظم سمیت دیگر فریقین کو طلب کیا جائے ،عدالت نے شکایت کا جائزہ لیا اور ابتدائی دلائل سننے کے بعد شکایت دائرہ اختیار نہ ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کو بھجواتے ہوئے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں