عافیہ رہائی کیس:پاکستانی وفد 5دن تاخیرسے امریکا پہنچا،وقت ختم

عافیہ رہائی کیس:پاکستانی وفد 5دن تاخیرسے امریکا پہنچا،وقت ختم

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سرداراعجازاسحاق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس میں امریکا جانے والے وفد کیلئے اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا پاسپورٹ واپس کرانے کی ہدایت کردی۔

عدالت کو بتایاگیاکہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے امریکا جانے والا وفد5دن کی تاخیر سے پہنچا،ویزانہ ملنے کے باعث ڈاکٹر فوزیہ صدیقی وفد کے ہمراہ نہ جاسکیں،دوران سماعت امریکا میں وکیل کلائیو سمتھ نے آن لائن شرکت کی اورعدالت کو بتایاکہ عافیہ کیس میں امریکا بھیجا گیا وفد 8 روز کے لیے تھا جو پانچ روز تاخیر سے پہنچا، پاکستانی وفد کا وقت ختم ہوگیا اور واپسی کا وقت آگیا ،پاکستانی وفد سینیٹر بشریٰ انجم بٹ ، سینیٹر طلحہ و دیگر پر مشتمل ہے ،امریکا میں پاکستانی سفیر نے بھی وہاں کوئی ملاقات نہیں کی،اس موقع پر عدالت نے حکومت اور وزارت خارجہ کی سستی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور نمائندہ وزارت خارجہ سے کہا ڈاکٹر فوزیہ یہاں ہیں،وفد نے کتنے دن وہاں رکناہے ،مسٹر سمتھ وہاں اکیلے ہیں، سفیر نے بھی کچھ نہیں کیا،آپ کی طرف سے سستی ہے اور وقت معاملات درست نہیں،وزارت خارجہ پیرا وائزکمنٹس جمع کرائے اور مکمل رپورٹ دے ،کیوں ایسا ہوا اور سفارتخانے نے کیا کیا؟،سینیٹر طلحہ کہتے ہیں اب وہ پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کریں گے ،وزارت خارجہ کے نمائندہ نے کہا ڈاکٹر فوزیہ کا ویزا ایمبیسی نے منظور نہ کیا،امید ہے کہ الگ سے ویزا لگ جائے گا کوشش جاری ہے ،عدالت نے امریکی وکیل کلائیوسمتھ سے استفسار کیاکہ عافیہ سے آج ملاقات ہے کیا؟،جس پر وکیل کلائیو سمتھ نے کہا جی صبح ملاقات ہوگی،عدالت نے استفسار کیاکہ ڈاکٹر فوزیہ کے ویزا کی کب تک امیدہے ، ڈاکٹر فوزیہ نے کہامیرے پاس پاسپورٹ نہیں ہے ، عدالتی معاون نے عدالت کو بتایاکہ ویب سائٹ پر تھاکہ جس دن ڈاکٹر فوزیہ کا ویزا اپلائی ہوا اسی روز مسترد کردیاگیا،دوران سماعت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی روسٹرم پر آگئیں اور بتایاکہ میرا ویزا لگاہواہے لیکن پاسپورٹ واپس نہیں دے رہے ،جس پر عدالت نے کہا سیکرٹری خارجہ کو پاسپورٹ واپس دلانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں