صدرکے مدارس ایکٹ پراعتراضات حیران کن: تر جمان جے یو آئی
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان جمعیت علما اسلام (ف)اسلم غوری نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کے مدارس ایکٹ پر اعتراضات حیران کن ہیں، صدر مملکت کے اعتراضات کا طریقہ قانون کے مطابق نہیں۔
اسلم غوری کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ صدر مملکت کے اعتراضات آئین میں دی گئی مدت کے اندر نہیں، اعتراضات قسطوں میں کئے گئے ، ایک بار اعتراضات کئے ان کا جواب دیا گیا، دوبارہ اعتراضات کا حق نہیں۔اسلم غوری نے کہا کہ اعتراضات سپیکر قومی اسمبلی کو بھیجنے چاہئے تھے ، ان کے پاس یہ اعتراضات نہیں بھیجے گئے ، جو اعتراض سپیکر کو بھیجا گیا تھا، اس کا جواب دے دیا گیا تھا۔ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ سپیکر آفس کے جواب پر ایوان صدر نے اپنے اعتراضات پر دوبارہ زور نہیں دیا، صدر کی جانب سے مجوزہ ترمیم پر اعتراض کے ساتھ تجاویز اور حل بھی بھیجا جاتا ہے ،مدارس بل میں کوئی تجاویز اور حل نہیں بتایا جا رہا، لگتا ہے کہ ایوان صدر بیرونی دباؤ کا شکار ہے ۔