شہباز شریف سے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل کی ملاقات
اسلام آباد(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، وقائع نگار) وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ ابراہیم الشیخ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ، وزیر اعظم کی جانب سے خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا مجھے اس سال کئی بار سعودی عرب کا دورہ کرنے کا موقع ملا، جو پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ۔ میں سعودی عرب کو \"فیفا ورلڈ کپ 2034\" کی میزبانی کا حق جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ سعودی عرب اس ایونٹ کا بہترین طور پر انعقاد کرے گا،سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا انتہائی اہم ستون ہے ،پاکستان کی حکومت اور عوام مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے پارلیمانی تبادلے انتہائی اہم ہیں،ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے سرگرم ہیں۔سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 2.8 ارب ڈالر کی مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، جن میں کئی امور پر کام کا آغاز ہوچکا ہے ۔مجھے امید ہے کہ جلد ہی ان معاہدوں کے ثمرات دونوں ممالک کو ملنا شروع ہو جائیں گے ۔وزیراعظم نے کہاکہ سعودی عرب میں تقریباً 25 لاکھ افراد پر مشتمل پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کام کرتی ہے ۔ عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کرتا ہوں، جس نے غزہ، لبنان اور خطے میں امن کیلئے امت مسلمہ کے مطالبے کو تقویت دی۔پاکستان، غزہ اور لبنان کے عوام کے مصائب اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف تمام کوششوں کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا ۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کوقومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا وزیراعظم نے کہ پاکستان میں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچہ کی ترقی میں یو اے ای نے اہم کردار ادا کیا ، پاکستان یو اے ای کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت کرے گا ،قومی دن کے حوا لے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے خوشحالی اور ترقی کی مثال قائم کی ،پاکستان میں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچہ کی ترقی میں یو اے ای نے اہم کردار ادا کیا ، یو اے ای نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ، آئی ایم ایف پروگرام میں یو اے ای کے تعاون پر مشکور ہیں ، ویزا کی بحالی پاکستانیوں سے محبت کی عکاس ہے ، قبل ازیں سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ بن محمد بن ابراہیم الشیخ اعلی سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچا ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بچوں نے شوریٰ کونسل کے چیئرمین کو گلدستہ پیش کیا ،چیئرمین سعودی مجلس شوری ٰکونسل نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے انتہائی خوشی ہوئی، سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین قیام کے دوران سپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ صدر مملکت ، چیئرمین سینیٹ اور دیگر سیاسی رہنمائو ں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے ۔