تمام عدالتوں کویکجا کرنے کیلئے جوڈیشل ٹاورز بنانیکافیصلہ

  تمام عدالتوں کویکجا کرنے کیلئے جوڈیشل ٹاورز بنانیکافیصلہ

لاہور (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم سے سینئر وکلا رہنماؤں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔وفد میں ممبران پاکستان بار کونسل احسن بھون، حفیظ الرحمن چودھری، طاہر نصر اللہ وڑائچ، پیر مسعود چشتی۔۔۔

 اشتیاق اے خان، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری بابر وحید، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل راؤ فضل الرحمن، صدر لاہو ر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اسد منظور بٹ، سیکرٹری قادر بخش چاہل، لاہور بار ایسو سی ایشن کے صدر منیرحسین بھٹی، نائب صدر رانا عمران سرور،سیکرٹری جنرل رانانعیم طاہر، سیکرٹری راؤ تحسین شریف سمیت پاکستان و پنجاب بار کونسل کے دیگر ممبران و سینئروکلا بھی شامل تھے ،جبکہ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق اور قائم مقام رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ ملک علی ذوالقرنین اعوان بھی موجود تھے ۔ وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی عدالت عالیہ لاہور کی اولین ترجیح ہے اور وکلا فراہمی انصاف کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ہمارے شانہ بشانہ کام کریں۔ چیف جسٹس نے وکلا رہنماؤں کو خوشخبری سے آگاہ کیا کہ وکلا کے دیرینہ مطالبہ اور سائلین کی سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے لاہور میں پہلی مرتبہ کثیر المنزلہ جوڈیشل ٹاورز بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے اور منصوبے پر کام شروع ہو گیا ہے ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے جگہ جگہ بکھری عدالتیں ایک جگہ پر یکجا ہو جائیں گی۔تمام شرکانے فاضل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے اِس اقدام کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا مزید کہنا تھا کہ پورے پنجاب کی بار رومز خصوصی طور پر لیڈیز بار رومز کے لئے حکومت سے فنڈز جاری کرائے گئے ہیں اور لیڈیز بار رومز کے ساتھ ڈے کیئر سنٹرز بھی بنائے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں پہلے لیڈیز بار رومز و ڈے کیئر سنٹرز دنیا پور اور جنڈ(اٹک) میں بنا ئے جارہے ہیں ۔شرکا نے فاضل چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں