ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری رولز کی منظوری تک موخر

ہائیکورٹس میں ججز کی تقرری رولز کی منظوری تک موخر

لاہور (محمداشفاق سے )ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرریوں کا معاملہ رولز کی حتمی منظوری تک موخر کردیا گیا، 21دسمبر کو32 رکنی کمیشن کے سامنے ججز کی تقرریوں کے لیے مجوزہ رولز کی منظوری دی جائے گی۔

جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کیلئے ایجنڈے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا  گیا،لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی 25خالی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے 50نام کمیشن کو بھجوائے گئے تھے جبکہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ نے خط لکھا تھا کہ ججز کی تقرریوں کیلئے رولز موجود نہیں ،دوسری جانب جسٹس جمال خان مندو خیل کی سربراہی میں رولز کمیٹی نے ہائیکورٹس میں ججز کی تقرریوں کیلئے رولز تیار کرکے مسودہ 32رکنی جوڈیشل کمیشن کو ارسال کردیا ، چیف جسٹس سپریم کورٹ نے بطور چیئرمین جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 21دسمبر کو طلب کیا ہے ۔ اجلاس میں ہائیکورٹس میں ججز کی تقرریوں کیلئے رولز کے مسودے کو ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ نئے ججز کی تقرریوں کا معاملہ 21دسمبر کے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں، ذرائع کے مطابق اب 21دسمبر کو کمیشن کی جانب سے رولز کی حتمی منظوری کے بعد ہائیکورٹس میں ججز کی تقرریوں کا عمل مکمل کیا جائیگا ،ججز کی تقرریوں کیلئے جنوری کے دوسرے ہفتے میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں