فرد جرم کیلئے پرویز الٰہی سمیت 20 ملزم کل طلب

 فرد جرم کیلئے پرویز الٰہی سمیت 20 ملزم کل طلب

لاہور (کورٹ رپورٹر)احتساب عدالت میں ترقیاتی منصوبوں کی اربوں روپے کی کرپشن اور کک بیکس وصولی کا ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے سابق وزیر اعلی ٰ پرویز الٰہی سمیت تمام ملزموں کو 20دسمبر کو طلب کر لیا ۔

احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی ۔دوران سماعت عدالتی حکم پر پرویز الٰہی احتساب عدالت میں پیش ہوئے ۔ پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کے وکلا نے سماعت کیلئے لمبی تاریخ دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے کہاکہ آپ کو دو دن دے رہا ہوں ملزم فرد جرم کے لئے پیش ہوں یہ 2023 کا ریفرنس ہے اسی سال فرد جرم عائد کرنا چاہتے ہیں ۔عدالت نہیں چاہتی کہ فرد جرم 2025 میں عائد ہو آئندہ سماعت پر ملزم محمد خان بھٹی کو تھوڑی دیر کے لئے پیش کریں فرد جرم عائد نہ ہونے سے ٹرائل کی کارروائی رکی ہوئی ہے ۔ دوران سماعت محمد خان بھٹی کے پیش نہ ہونے سے پرویز الٰہی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی ۔ وکیل نے بتایاکہ محمد خان بھٹی سرجری کے لئے سروسز ہسپتال میں داخل ہیں ۔میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ ادھر اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔ پرویز الٰہی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی۔ پرویز الٰہی نے عدالت کے روبرو کہا کہ میں سخت بیمار ہوں، میری تین پسلیاں ابھی تک فریکچر ہیں۔ جج اینٹی کرپشن عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فرد جرم کا عائد ہونا ضروری ہے ۔ آئندہ سماعت میں تمام ملزم لازمی پیش ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں