پاک،تہران تجارتی حجم 10 بلین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ،ایرانی سفیر
اسلام آباد (اے پی پی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور ایران کے سفارت خانے نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تجارتی رکاوٹوں کو ختم کرکے کاروبار اور اقتصادی ترقی کے لیے تعاون کا فیصلہ کیا ہے ۔
یہ اہم فیصلہ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے خیر سگالی دورے کے دوران کیاگیا۔ اس موقع پرفریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے انہوں نے مزید غور و خوض کے لیے ایک چار رکنی کمیٹی قائم کی تاکہ ضروری اقدامات پر قریبی رابطہ قائم کیا جا سکے ۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو موجودہ 2.7 بلین ڈالر سے بڑھا کر10 بلین ڈالر تک کیا جا سکتا ہے ۔ ایرانی سفیر نے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان۔ ایران سرحد کو کمرشل گیٹ وے میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے سرحدی منڈیوں کو وسعت دینے ، نئے کراسنگ پوائنٹس کھولنے اور تجارت کو آسان بنانے کے لیے کسٹمز فیسیلی ٹیشن ڈیسک قائم کرنے کی بھی تجویز دی۔