مذاکراتی کمیٹی بننا خوش آئند،فوری نتیجہ نہیں نکلتا:تھنک ٹینک
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ مذاکرات سے کیا حاصل ہوتا ہے یہ وقت ہی بتائے گا،دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا حکومت نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنادی ، یہ خوش آئند ہے ۔
اب گفتگو شروع ہو گی،لڑائی کی سیاست نے بڑے مسائل پیدا کئے ، اگر ڈائیلاگ نہیں ہوتے تواس سے حکومت اور تحریک انصاف دونوں کو نقصان ہوگا،ڈائیلاگ اسی وقت کامیاب ہو ں گے ، جب حکومت اور تحریک انصاف اس بات پر رضامند ہوں ، ہم نے کوئی درمیانہ راستہ نکالنا ہے ،تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ جس طرح سے مذاکرات شروع ہورہے ہیں عمران خان سے توقع ہے اب معاملات کو سنبھالیں گے ، 9مئی کے واقعات میں سزائوں کا جو فیصلہ ہوا اس کا اثر مذاکرات پر نہیں ہوگا، تجزیہ کار امتیاز گل نے کہا ہے یہ علم نہیں ہے کہ تمام سٹیک ہولڈر مذاکرات پر متفق ہیں یا نہیں،سوال یہ ہے کہ فوجی ترجمان کا بیان آیا تھا کہ 9مئی کے ماسٹرمائنڈ کو سزا ملنے سے ہی انصاف مکمل ہوگا،گمراہ کن سیاست کو دفن کیا جائے گا،سوال یہ ہے کہ حکومت نے جو کمیٹی بنائی ہے کیا وہ اس بیان سے آزاد ہو کر فیصلے کرپائے گی؟ ایک طرف تحریک انصاف کے لوگوں پر کیسز ہیں دوسری طرف کہا جارہا ہے مذاکرات کریں، اس کا کیا نتیجہ نکل سکتا ہے ،کیا عمران خان کو بلیک میل کیا جائے گا؟۔تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے مذاکراتی کمیٹی بنادینا مثبت پیش رفت ہے ،کل ہونے والے مذاکرات سے نتیجہ نہیں نکل سکتا،مذاکرات کافی دیر تک چلتے رہیں گے ۔