بینظیر کی آج 17ویں برسی،قافلے گڑھی خدابخش پہنچ گئے

بینظیر کی آج 17ویں برسی،قافلے گڑھی خدابخش پہنچ گئے

اسلام آباد،نوڈیرو (سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں )سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی شہید چیئر پرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17ویں برسی آج جمعہ کے روز گڑھی خدا بخش بھٹو میں منائی جائے گی جس سے صدر مملکت آصف علی زرداری اورپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

برسی میں شرکت کے لئے ملک بھر سے کارکنوں کے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ گئے ،سکھر کے 3روز دورہ پر آئے صدر زرداری ایئر پورٹ سے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے نوڈیرو ہاؤس پہنچ گئے ، شہید بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے آصفہ بھٹو اور صنم بھٹو بھی نوڈیرو ہاؤس پہنچی ہیں،گڑھی خدا بخش میں استقبالیہ کیمپ بھی لگا دئیے گئے ،انتظامیہ کی جانب سے گڑھی خدا بخش میں 50 سے زائد کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے ہنگامی طبی امداد کیلئے بھی 3 میڈیکل کیمپس بنائے گئے ہیں،بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں،پنڈال اور مزار کے ارد گرد 8500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 17ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں،آپ کی شخصیت امید، استقامت ، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا مجسمہ تھی،شہید بی بی ہم سب کیلئے مشعل ِ راہ تھیں، انہوں نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں رنگ، طبقے اور مسلک سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور عوام کی طاقت راج کرے گی،محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ‘‘جمہوریت بہترین انتقام ہے ’’۔ یہ الفاظ استبداد اور آمریت کا منہ توڑ جواب ہی نہ تھے بلکہ عوامی طاقت پر اُن کے گہرے اعتماد کے عکاس بھی تھے ۔شہید بی بی کا نظریہ آج بھی زندہ ہے اور ہمیں ایک متحد ، ہمہ گیر اور انصاف پر مبنی پاکستان کی تعمیر کیلئے اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کا درس دیتا ہے ۔یہ میرا پختہ یقین ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لیے ان کے وژن سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا شہید محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاسی شخصیت نہیں تھیں بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں۔ مساوات اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے والد کے ویژن سے ان کی غیر متزلزل وابستگی ہم سب کیلئے ایک تحریک ہے ۔ ان کی مصالحت، مشاورت اور مختلف نقطہ نظر کو سمجھنے کی فلسفیانہ سوچ نے ایک جدید اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی۔ وہ دن دور نہیں جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا ویژن حقیقت بنے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں