بانی پی ٹی آئی کو اندر رکھنا حکومت کے بس سے باہر:رؤف حسن

بانی پی ٹی آئی کو اندر رکھنا حکومت کے بس سے باہر:رؤف حسن

لاہور(دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام ٹو نائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی رئوف حسن نے کہا موجودہ حکومت کو تسلیم کیا ہے نہ کریں گے ، صرف پی ٹی آئی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام لا سکتی ہے۔

 اگر بانی پی ٹی آئی ڈیل کے تحت باہر آنا چاہتے تو 10 دن میں باہر آ سکتے تھے ، 500 دن گزر جانے کے بعد بھی وہ کہتے ہیں کہ عدالتوں سے انصاف لے کر ہی باہر آئیں گے ، وہ کسی ڈیل کے تحت باہر نہیں آئیں گے ، مجھے بانی سے 17 ہفتوں میں ملنے نہیں دیا گیا ، ہمارا ٹوٹل فوکس مذاکرات کے اوپر ہے ، اس سے کیا نکلتا ہے اسے دیکھ کر اگلا فیصلہ کریں گے ، بانی پی ٹی آئی کو اندر رکھنا اب حکومت کے بس سے باہر ہوتا جا رہا ہے وہ جلد باہر ہوں گے ، بانی پی ٹی آئی کبھی زرداری اور نواز شریف کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے ، ملک میں نام نہاد قومی حکومت کو بھی نہیں مانا جائے گا ، جو بھی پاکستان میں جمہوریت کو سپورٹ کرے گا ہم اسے مانیں گے ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا الیکشن کے بعد کسی کے پاس اکثریت نہیں تھی ، ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ن لیگ حکومت بنائے اسے سپورٹ کریں گے اور ساتھ کھڑے ہوں گے ، جب اتحادی حکومتیں بنا کرتی ہیں تو معاہدات لکھے جاتے ہیں ، یہاں بھی لکھا گیا ، یہ 25 نکات کا ہے ، اب کچھ تلخی محسوس ہو رہی ہے ، جوں جوں وقت گزرتا جا رہا ہے کارکنوں کا دبائو لیڈروں پر بڑھتا جا رہاہے ، یہ بات بلاول کہتے ہیں ، ن لیگ کو بھی اس کا احساس ہے ملک اس وقت عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا ،معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو رہی ہے تو ایسے میں ہم پیچھے ہٹیں گے تو نقصان ملک کا ہوگا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں