پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے حکومت کو اشارہ ملا ہو گا:تھنک ٹینک

پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے حکومت کو اشارہ ملا ہو گا:تھنک ٹینک

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا ہے کہ سب کو معلوم ہے عمران خان کی رہائی کافیصلہ کرنے والی حکومت نہیں کوئی اور لوگ ہیں،ہوسکتا ہے کوئی واسطہ ادھر چل رہا ہے جس کا ہم کو علم نہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے حسن عسکری کا کہنا تھا کہ جہاں تک ڈائیلاگ کا تعلق ہے ،یہ اچھی بات ہے کہ دوسرا سیشن ہوا،ماحول بھی ٹھیک تھا،ابھی ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ڈائیلاگ کدھر جا ئیں گے ، ابھی تک کوئی چیز واضح طور پر سامنے نہیں آئی۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے لوگوں کاایک ساتھ بیٹھنا سیاسی محاذ پر پہلی بار اچھا ہے ، اس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے ،ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھتے ہوئے ایک دوسرے کے طرز عمل کی تائید کی جارہی ہے ، بنیادی طورپر پی ٹی آئی کے چار مطالبات تھے ،8 فروری کے الیکشن کو نہیں مانتے تھے ،26ویں ترمیم کی واپسی کا مطالبہ تھا، اب ان دو کو چھوڑ دیا ،اب پی ٹی آئی کے دو مطالبات ہیں، بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی اور 9مئی،26 نومبرکے عدالتی کمیشن کا مطالبہ کیا جا رہا ۔

تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ پوری دنیا میں سیاسی مذاکرات ہوتے ہیں،اس میں چارٹر آف ڈیمانڈ پیش نہیں کیا جاتا۔مذاکرات میں پی ٹی آئی کے لوگ یہ مطالبہ رکھتے کہ ہمیں عمران خان سے ملاقات کی سہولت ہر وقت ملنی چاہئے ، کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ تجزیہ کار امتیاز گل کا کہنا تھا کہ نئے سال کی آمدسے عمران خان کے چاہنے والوں کو ان کی رہائی کی امید پیدا ہوئی،یہ جو مذاکرات شروع ہوئے ہیں ان کا اختتام ہونا ہے ،اور اس کے درمیان جو فیصلے ہونے ہیں، اس میں موجودہ حکومت کا اختیار نہیں ہے ،حکومت کو اشارہ ملا ہو گا ، اس وجہ سے پی ٹی آئی سے مذاکرات شروع کئے ،فوج نے کچھ کارکنوں کی سزائیں معاف کی ہیں، مذاکرات کا ایک پورا پس منظر ہے ،کیمروں کے پیچھے اس وقت بہت کچھ ہورہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں