اچکزئی کے بیان سے مذاکرات پر اثر نہیں پڑے گا:تھنک ٹینک

 اچکزئی کے بیان سے مذاکرات پر اثر نہیں پڑے گا:تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ محمود اچکزئی کے بیان پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ڈائیلاگ کی کامیابی یا ناکامی کا جو سوال ہے وہ اس پر انحصار نہیں کرتا ایک آدمی ٹی وی پر آکر کیا کہتا ہے۔۔۔

 دوسرا کیا کہتا ہے ،پاکستان میں پہلے کئی ڈائیلاگ ہوئے ہیں مجھے یاد نہیں کسی نے مطالبات تحریری مانگے ہوں، ڈائیلاگ میں زبانی کہا جاسکتا ہے کہ یہ ہمارے مطالبات ہیں،اگر حکومتی لوگ کہہ رہے ہیں کہ لکھ کر دو تو یہ انکے بہانے ہیں ، ان کا یہی خیال ہو گا اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو یہ الزام ہم پر نہ آئے ، دوسری جماعت پر آئے ، یہ حکومتی بدنیتی ہے ۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی تحریک انصاف یہی کہتی تھی جواب محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں،اس سے مذاکرات کس بات کے ہو رہے ہیں،یہی اعتراض کرنے والی تحریک انصاف آج مذاکرات کررہی ہے ، عمران خان نے بھی اچکزئی کو مذاکرات کا اختیار دیا تھا، اس سے کسی نے مذاکرات نہیں کئے تھے ، اچکزئی کے بیان سے مذاکرات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ وہ قومی سطح کے لیڈر نہیں ،ہر سیاسی جماعت اپنے مفادات کیلئے فیصلے کرتی ہے مذاکرات کا عمل رکنا نہیں چاہئے ۔تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ محمود اچکزئی نے ساری زندگی علاقائی حقوق پر مزاحمت کی سیاست کی ، انکی تحریک انصاف کے قریب جانے کی وجہ بھی یہی تھی وہ ایک قوت پر تنقید کرتی ہے ،اب تحریک انصاف نے زبردست لچک دکھائی ہے ،ا س سے جب بھی مذاکرات کی بات کی جاتی تو وہ انکار کردیتی تھی، مینڈیٹ چوری کی بات کرتی تھی،اب مذاکرات شروع کیے تو انہوں نے اچکزئی سے مشاورت نہیں کی، اس وجہ سے ایسا بیان دیا ۔تجزیہ کار زاہد حسین کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی کے بیان کو اہمیت دینے کی ضرورت نہیں ،ایسے بیانات آتے رہیں گے ،مذاکرات شروع ہونا خوش آئند ہے ، اس میں اگر پی ٹی آئی لچک دکھارہی ہے تو حکومت بھی دکھا رہی ہے ،مذاکرا ت حکومت کی ضرورت ہیں کیونکہ سیاسی ،معاشی استحکام رکھنا اسکی ذمہ داری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں