جناح ہسپتال کے سربراہ کیلئے توہین عدالت کرلونگا:مراد شاہ

جناح ہسپتال کے سربراہ کیلئے توہین عدالت کرلونگا:مراد شاہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جناح ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا معاملہ دو ماہ سے عدالت میں چل رہا ہے، اگر پیر تک مسئلہ حل نہ ہوا تو تقرری کر کے توہین عدالت کرلوں گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے جناح ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ایم ایس) کی تقرری نہ ہونے کے معاملے پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں چل رہا ہے ، اگر پیر کو مسئلہ حل نہ ہوا تو میں تقرری کردوں گا اور توہین عدالت ہو تو بے شک ہو میں تقرری کردوں گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں گرین انیشیٹو کے لئے اب تک کوئی زمین نہیں دی گئی ، جو زمین دی جائے گی وہاں کوئی آبادی نہیں ہوگی ، غیر آباد زمین دی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت خود بھی غیر آباد زمین کو آباد کرنے کے منصوبے شروع کر رہی ہے ، یہ منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کریں گے ، ہائی وے پر قبضوں کی تحقیقات کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ انٹر بورڈ کراچی میں برسوں سے مسئلہ چل رہا ہے مگر اب اس کو جلد حل کریں گے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، جناح ہسپتال ملک کا بڑا ہسپتال ہے اور بغیر سربراہ کے چل رہا ہے ، عدالت نے سربراہ کو اس لیے نکالا کہ ان کے مطابق وہ ڈیپوٹیشن پر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں