16 برس سے سندھ میں کرپشن ، بد ترین حکمرانی:فاروق ستار

16 برس سے سندھ میں کرپشن ، بد ترین حکمرانی:فاروق ستار

کراچی (سٹاف رپورٹر، این این آئی) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو اگر قومی لیڈر بننا ہے تو پہلے سندھ کا کچرا صاف کریں۔۔۔

پچھلے 16 برس سے سندھ میں بدترین حکمرانی، بد عنوانی اور نااہلی کا سلسلہ جاری ہے ، اب تعصب کی انتہا ہو چکی، کسی بھی طبقے کو اگر تباہ و برباد کرنا ہے تو وہاں کے تعلیمی نظام کو تباہ کردیا جاتا ہے ، میٹرک بورڈ ہو یا انٹر بورڈ تمام جگہوں پر کراچی کے بچوں کے نتائج کو کم کیا جارہا ہے جبکہ اندرون سندھ کے بورڈز کے بچوں کے نتائج کو بڑھایا جارہا ہے ، سندھ کے تعلیمی بورڈز کے نااہل افسروں کی ملی بھگت سے شہری سندھ کے بچوں کو تعلیم سے دور کیا جارہا ہے ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی اور لاڑکانہ کے بورڈز میں پرسنٹیج میں واضح فرق آرہا ہے ، کراچی کے بچوں کا معیار تعلیم گرانے پر تو وزیر اعلیٰ کو اخلاقاً استعفیٰ دے دینا چاہیے ۔ سارے نظام تعلیم میں سیاست کی جارہی ہے ، پورے پاکستان کا تعلیمی نظام سندھ سے آگے نکل چکا، وہ وقت بھی دور نہیں جب بلوچستان بھی سندھ سے آگے ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بدعنوانی اور کرپشن عروج پر ہے ، موجودہ حکومت نے اپنے ہی ریکارڈ توڑ دئیے ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں