چھائونیوں پر حملے کی معافی امریکا دیتا ہے نہ برطانیہ:احسن اقبال
نارووال(خبر نگار)نارووال وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سنجیدگی خلوص نیت کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے ان مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار مطالبات پر ہے جو پی ٹی آئی کی طرف سے سامنے آئیں گے اگر کوئی ایسے مطالبات ہوئے جو حکومت پورے کر سکتی ہے حکومت ضرور پورے کرے گی ۔
لیکن جو عمران خان کی قید ہے وہ سیاسی بنیادوں پر نہیں ،چھائونیوں پر حملے کی معافی امریکا دیتا ہے نہ برطانیہ۔سڑک کی تعمیر کے سنگ بنیاد کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان اس لئے قید میں ہیں وہ رسیدیں نہیں دکھا سکے ،وہ جو دوسروں کو کہتے تھے ، رسیدیں دکھائو جب ان کو کہا گیا تو ان کی تمام رسیدیں بوگس نکلی ہیں ۔ عمران خان جب اصلی رسیدیں دکھا دیں گے اور قانون کو مطمئن کردیں گے اور یہ بتا دیں گے کہ انہوں نے 190 ملین پائونڈ جو 50ارب روپے بنتا ہے ، وہ سرکاری خزانے میں جمع کروانے کی بجائے اپنے دوست کے اکاؤنٹ میں کیوں جمع کروایا ہے ؟ ان چیزوں کا اگر وہ تسلی بخش جواب دے دیں گے تو وہ رہا ہوجائیں گے ۔ اگر وہ رسیدیں اصلی پیش نہ کر سکے ۔ 50 ارب کی چوری جو انہوں نے سرکاری خزانے سے کی ہے جواب نہ دے سکے تو انہیں قانون کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے "اڑان پاکستان" کے نام سے ایک جامع ترقیاتی منصوبہ شروع کیا ہے ۔اگر ملک میں امن و استحکام برقرار رہا اور پالیسیوں کا تسلسل قائم رہا تو 2029 تک پاکستان دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت پاکستان کے کسانوں کی آمدنی دگنی ہوگی، معیشت مضبوط ہوگی، اور عوام کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔