انسانی سمگلروں کی جائیدادیں ضبط کی جائیں : دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا نیٹ ورک چلانے والے پاکستانیوں کی حوالگی کےلیے فوری اقدامات کرے : شہباز شریف

انسانی سمگلروں کی جائیدادیں ضبط کی جائیں : دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا نیٹ ورک چلانے والے پاکستانیوں کی حوالگی کےلیے فوری اقدامات کرے : شہباز شریف

اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا انسانی سمگلروں کی جائیدادیں، اثاثے ضبط کئے جائیں اور سہولت کار سرکاری افسروں کو تادیبی کارروائی کے ساتھ سخت سزائیں بھی دلائی جائیں، دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا نیٹ ورک چلانے والے پاکستانیوں کی حوالگی کے لیے فوری اقدامات کرے۔

 ان خیالات کااظہار انہوں نے ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف کئے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ادھر لیبیا کشتی حادثے پر ڈائریکٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے فیصل آبادکوہٹا دیا گیا جبکہ12ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز چارج شیٹ اور انسانی سمگلرز کے کروڑوں کے اکائونٹس منجمد کردئیے گئے ، وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف لیے گئے حالیہ اقدامات پر ایف آئی اے کو سراہتے ہوئے کہاکہ انسانی سمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے ، سہولت کاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی کئے جائیں اور ملک میں تمام انسانی سمگلنگ کے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ، تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔ انسانی سمگلروں کی جائیدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لئے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کے خلاف استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔استغاثہ کے لیے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلیٰ ترین درجے کے وکلا تعینات کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندہ چلانے والے پاکستانیوں کے لیے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور ان کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے جبکہ وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام میں بیرون ملک نوکریوں کے لیے صرف قانونی راستے اختیار کرنے کی، آگاہی مہم چلائے ۔وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں ایسے ٹیکنیکل ٹریننگ اداروں کی ترویج کی جائے جو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرٹیفائیڈ پیشہ ور افراد بیرون ملک مارکیٹ کو فراہم کرسکیں۔ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی سکریننگ کا عمل مزید مو ثر بنایا جائے ۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات، سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی پیشرفت اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

دریں اثنا شہباز شریف نے شہید اعتزاز کی برسی کے موقع پر کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے پاک مٹی کے فرزند شہید اعتزاز حسن کی شہادت کو یاد کرکے افسردہ ہیں جن کی غیر معمولی جرأت ہمارے لئے امید کی کرن ہے ، صرف 15 سال کی عمر میں اعتزاز نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنے سکول اور ہم جماعتوں کو دہشت گرد حملے سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی ، اعتزاز کا بے لوث اور غیر متزلزل عزم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمت اور بہادری کا ایک عمل کئی زندگیوں کو بچا سکتا ہے ،اعتزاز کی میراث آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے ۔ادھر لیبیا کشتی حادثے میں ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے فیصل آباد زون کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، واقعہ میں ملوث 12ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو چارج شیٹ بھی جاری کر دی گئی،مزید کارروائی کیلئے ایف آئی اے کے 30افسران کو بھی معطل کر دیا گیا،اس کے علاوہ کشتی حادثہ کیس میں ایف آئی اے کے 13 افسران کو گرفتار بھی کیا گیا۔سمگلنگ میں ملوث ججا گینگ کے 4کروڑ کا اکاؤنٹ منجمد کر دیا گیا،دیگر سمگلروں کے 6کروڑ 90لاکھ روپے کے اکاؤنٹ منجمد کر دئیے گئے ہیں،سال 2024میں انسانی سمگلروں کے خلاف 276مقدمات درج کئے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں