حکومت پی ٹی آئی مذاکرات تعطل کا شکار سپیکر اجلاس بلانے سے گریزاں
اسلام آباد(خبر نگار، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت اورتحریک انصاف کے درمیان ہونیوالے مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے تحریری طور پرمطالبات نہ دینے پر مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہوئے، سپیکر ایاز صادق بھی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس بلانے سے گریزاں ہیں، مذاکرات کاتیسرا دور کب ہوگا، کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔چارٹر ماننے کی صورت میں تحریک انصاف کو حکومت سے تحریری معاہدہ بھی کرنا ہو گا۔
حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک انصاف کا تحریری طور پر مطالبات نہ دینا ڈیڈ لاک کی وجہ بنا ہے ۔حکومتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا ہے ۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے آج اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی کی بانی سے ملاقات متوقع ہے ۔ بانی کی جانب سے سات ناموں پر مشتمل درخواست جیل حکام کو دی گئی ۔ وکلا کی آج ہونے والی ملاقاتوں کو منسوخ کر دیا گیا ۔ ملاقات کھلے ماحول میں کرانے کی بھی خواہش کا اظہار کر دیا گیا ۔منگل کو جیل میں ملاقاتوں کے دن بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکلا سے ملاقاتوں کو موخر کر دیا ہے اور صرف چھ رکنی مذاکراتی کمیٹی کے ناموں کی فہرست بانی نے اپنے دستخطوں سے جیل حکام کو دی ہے ان میں عمر ایوب ، حامد رضا ،اسد قیصر ، ناصر عباس ،علی امین گنڈاپور ،سلمان اکرم راجا ، حامد خان شامل ہیں ۔ درخواست میں جیل انتظامیہ سے استدعا کی گئی کہ وکلا کی بجائے مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کی بانی سے ملاقات کے انتظامات کئے جائیں اور یہ ملاقات کھلے ماحول میں کروائی جائے تاہم جیل انتظامیہ نے یہ درخواست اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو بھجوا دی ہے ۔ امکان ہے کہ کمیٹی آج بانی چیئرمین سے ملاقات کرے گی ملاقات میں مذاکرات کے دوسرے دور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں بانی اپنی شرائط ، طریقہ کار اور پی ٹی آئی کی جانب سے جو پیشکش کی جانی ہے ان کی جزیات پر بحث ہو گی ۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو آگاہ کر دیا، ذرائع سپیکر آفس کا کہنا ہے کہ بانی سے ملاقات کے بعد مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے دو اجلاس ہوچکے ہیں ۔مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ سے پہلے بانی سے ملاقات کرنی ضروری ہے ۔ بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ہم نے حکومتی کمیٹی کو بھی بتایا تھا بانی سے ملاقات کرنی ہے ۔امید ہے آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے گی ۔بشریٰ بی بی مذاکراتی سلسلے میں بالکل شامل نہیں ۔کسی نے غلط خبر دی ہے ، بشری ٰ کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات چل رہے ہیں۔میں نے اس خبر کی تردید کی ہے ایسی کوئی بات نہیں ۔ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں نہ کوئی مذاکرات ہورہے ۔جو کمیٹی بانی نے بنائی وہی مذاکرات کررہی ہے ۔ کمیٹی کے دو اجلاسوں کے علاوہ کہیں کوئی میٹنگ نہیں ہوئی ۔ہمارے دو ہی مطالبات ہیں اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کا قیام ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے ان دو مطالبات کیلئے ٹائم فریم دیا ہے ۔امید ہے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بری ہونگے۔