صحافت کی آڑ میں سوشل میڈیا آزاد نہیں چھوڑا جا سکتا،عطا تارڑ

صحافت کی آڑ میں سوشل میڈیا آزاد نہیں چھوڑا جا سکتا،عطا تارڑ

لاہور(اے پی پی،آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااﷲ تارڑ نے کہا ہے پیکا ایکٹ کا مقصد فیک نیوز کا خاتمہ اور سوشل میڈیا کے خطرات کا تدارک کرنا ہے، صحافت کی آڑ میں سوشل میڈیا کو مادر پدر آزاد نہیں چھوڑا جا سکتا۔۔۔

 کرپشن نے اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،پیکا قانون پر احتجاج کس بات کا ہے ،صحافی بتائیں کس شق پر اعتراض ہے ،تمام اداروں میں اصلاحات لا رہے کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دینگے ۔ وزارت اطلاعات کے ماتحت اداروں کو منافع بخش بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، صحافیوں کو درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی ایمپلائز یونین پنجاب کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پیکا قانون سے آزادی اظہار رائے کا تحفظ ہوگا ،سمجھ نہیں آرہا اعتراض کس بات کا ہے ، یہ قانون صحافیوں کے تحفظ کے لیے ہے ۔انہوں نے کہا کیا فیک نیوز روکنے پر اعتراض ہے ، کوئی ایک شق بتا دیں جس پر اعتراض ہے ، ڈیجیٹل میڈیا پر کوئی چیک نہیں، کوئی ایڈیٹوریل کنٹرول نہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا سوشل میڈیا کے ذریعے فیک پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا، جعلی خبریں، ہراسانی، بچوں سے بدسلوکی جیسی نامناسب خبریں پھیلائی جا رہی تھیں، ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی تھیں ،پارلیمنٹ نے ضروری سمجھتے ہوئے پیکا ایکٹ کی منظوری دی۔وزیر اطلاعات نے کہا اداروں کے ملازمین قومی اثاثہ ہیں، ملازمین کی محنت، لگن اور مہارتیں ہی ادارے کی کامیابی کی بنیاد ہوتی ہیں۔ حکومت اداروں کی بہتری اور انہیں منافع بخش بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،وزارت اطلاعات کے ماتحت ادارے عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔موجودہ دور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے ، ہمیں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔ وزیر اطلاعات نے اے پی پی ایمپلائز یونین پنجاب کے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں