رحیم یار خان، راجن پور میں 115جوڑوں کی شادی
رحیم یارخان،راجن پور(ڈسٹرکٹ رپورٹر ز) ‘‘دھی رانی ’’پروگرام کے تحت رحیم یار خان، راجن پور میں 115جوڑوں کی شادی ہوئی رحیم یار خان میں 58 جوڑے ، راجن پور میں 57 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ۔
اجتماعی شادیوں کی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ تھے ۔ سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ہو گی ماں کے جیسی محاورے پر عملاً عمل وزیر اعلیٰ نے کر کے دکھایا اور آج صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک سے لیکر ضلع رحیم یار خان تک 36 اضلاع میں پنجاب کے سب سے بڑے سماجی دھی رانی پروگرام کا پہلا مرحلہ مکمل ہو رہا ہے جس دوران صوبہ بھر میں 1400 سے زائد مستحق خاندانوں کی بیٹیاں ریاست کی چادر کے سائے تلے پیا گھر سدھار گئیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دھی رانی پروگرام تاریخ ساز ہے جس سے سینکڑوں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چودھری نے راجنپور میں اجتماعی شادی کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں 33،ضلع مظفر گڑھ اور کوٹ ادو میں 104،ضلع لیہ 88 اور ضلع راجنپور میں 57 بچیوں کی اجتماعی شادی ممکن ہوگئی ہے ۔