علی امین کا پختونخوا کے بقایاجات کی ادائیگیوں کیلئے وزیر اعظم کو مراسلہ ارسال

پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں خیبر پختونخوا کے بقایاجات کی ادائیگیوں کا معاملہ وزیر اعظم کے ساتھ اٹھا لیا۔
اس سلسلے میں وزیر اعلی ٰنے وزیراعظم شہباز شریف کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ مراسلے میں پن بجلی کے خالص منافع سے متعلق آئین پاکستان کی متعلقہ شق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل (2)161 میں پن بجلی کے خالص منافع کا معاملہ واضح کیا گیا ہے جس کے مطابق پن بجلی گھروں سے حاصل ہونے والی منافع کی رقم متعلقہ صوبوں کو ملنی ہے ۔مراسلے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو درپیش مالی بحران کے پیش نظر اس مسئلے کے فوری حل کی ضرورت ہے لہذا آئوٹ آف دی باکس کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے کے لئے پلاننگ کمیشن کو احکامات جاری کئے جائیں۔