حکومتی پیکیج مسترد ،ریلیف نہیں دھوکا دیا جا رہا :کسان اتحاد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مرکزی چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے حکومت پنجاب کے کسان پیکیج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کسانوں کو لولی پاپ دے کر ان کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔
کسان کو ریلیف نہیں دھوکا دیا جا رہا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا 15 ارب روپے کا کسان پیکیج کرپشن کا نیا راستہ ہے ، حکومت بیوروکریسی کے ذریعے کسانوں کے نام پر کرپشن چاہتی ہے ۔خالد حسین باٹھ کا کہنا تھا نجی کمپنیوں کے ذریعے کسانوں کو لوٹا جا رہا ہے ، گندم کا ریٹ مقرر نہ کرنا کسان دشمن پالیسی کا حصہ ہے ، پنجاب کے کسان حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کسانوں سے سرکاری ریٹ پر گندم خریدی جائے ، اگر حکومت نے کسانوں کے مطالبات نہ مانے تو اگلا لائحہ عمل جلد دیا جائے گا۔چیئرمین کسان اتحاد کا کہنا تھا پرائیویٹ سیکٹر کو فائدہ دے کر کسان کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، فی الفور سرکاری گوداموں میں گندم کی خریداری کا آغاز کیا جائے ۔ کسان کا استحصال ناقابل برداشت ہو چکا، پیکیج واپس لیا جائے ۔