شان مسعود ٹیسٹ کپتان برقرار سرفراز احمد ہیڈ کوچ مقرر

شان مسعود ٹیسٹ کپتان برقرار سرفراز احمد ہیڈ کوچ مقرر

سرفراز ،اظہر محمود کی جگہ پہلی بار ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے ، وہ اس وقت قومی سلیکٹر بھی ہیں جب کہ شان پہلے ہی کپتان مقررہیں پی سی بی بنگلا دیش سیریز شیڈول کے اعلان کے بعد دونوں کا باضابطہ اعلان کریگا،فیصلے کا مقصد ٹیم مینجمنٹ اور کپتان میں ہم آہنگی پیدا کرنا

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پی سی بی نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سنبھالیں گے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلا دیش کے ساتھ سیریز کے شیڈول کے اعلان کے بعد کپتان اور ہیڈ کوچ کا باضابطہ اعلان کرے گا۔ ذرائع کے مطابق سرفراز احمد ،اظہر محمود کی جگہ پہلی بار ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے ، وہ اس وقت قومی سلیکٹر بھی ہیں جب کہ شان مسعود پہلے ہی قیادت کی ذمے داریاں سنبھال رہے ہیں ، ممکنہ طور پر پاکستانی ٹیم بنگلا دیش،ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔

اکتوبر میں پاکستان نے آخری ٹیسٹ سیریز جنوبی افریقا کے خلاف کھیلی تھی،جو ایک ایک سے برابر ہوئی تھی۔ذرائع کے مطابق شان مسعود کو کپتان برقرار رکھ کر مستقل مزاجی کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔ اس وقت وائٹ بال کے ہیڈ کوچ نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن ہیں جبکہ ون ڈے کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی اور ٹی ٹونٹی کے کپتان سلمان علی آغا ہیں۔ سرفراز احمد کی قیادت میں اس وقت لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ریڈ بال کیمپ لگا ہوا ہے جس میں قومی اکیڈمی کے کوچز بھی شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ٹیم مینجمنٹ اور کپتان کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں