پاکستانی معیشت20 کھرب ڈالر تک جا سکتی :برطانوی ہائی کمشنر
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ کا آٹھواں ایڈیشن اختتام پذیر ہوگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستا ن میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو 2 ٹریلین (20 کھرب) ڈالر کی معیشت بنتے دیکھ رہا ہے اور سرمایہ کاری میں اضافے کا خواہش مند ہے ۔
جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کا خواہشمند ہے کیونکہ وہ پاکستان کو 2 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنتے دیکھ رہا ہے ،پاکستان کی ترقی نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا کے لیے اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ باہمی تجارت کو تین گنا بڑھا کر 15 بلین پاؤنڈ تک پہنچایا جائے ۔ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور سیاسی استحکام کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ ملکی معا شی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے ۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اصولوں اور نظام کی ضرورت ہے ۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بزنس سمٹ کے آٹھویں سالانہ اجلاس میں مختلف امور پر ہونے والی بحث عملی اقدامات کرنے میں مددگار ثابت ہوگی ۔ سینیٹ سرمایہ کاری کے تحفظ ، پبلک پرائیویٹ شراکت داری کو فروغ دینے اور بیوروکریٹک رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے قانون سازی کو ترجیح دے رہی ہے ۔