فلسطین سے یکجہتی کیلئے آج ملک گیر ہڑتال،قوم یکسو :حافظ نعیم

فلسطین سے یکجہتی کیلئے آج ملک گیر ہڑتال،قوم یکسو :حافظ نعیم

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے آج (ہفتہ کو)ملک گیر ہڑتال ہوگی، پوری قوم مکمل یکسوئی سے اس کی تیاری کررہی ہے ۔

بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا، قوم متحد ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت بھارتی اقدامات کے خلاف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے ۔ حکومت سے اختلافات اپنی جگہ پہلے دشمن سے لڑیں گے بعد میں اپنے مسائل حل کرلیں گے ۔ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم نہیں کیا جاسکتا، بھارتی اقدامات جنگ مسلط کرنے کی کوشش ہے ، عالمی برادری ہندوتوا سرکار کے پاکستان کو بنجر بنانے کے بیان اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔بھارت کے اقدامات کی وجہ سے خطے میں ہولناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے ، بھارت امریکہ اور اسرائیل کی شیطانی مثلث کے خلاف لوگوں کو متحد کرنا ہوگا۔بھارت سے تجارت کا فائدہ پاکستان کو نہیں ہے ، بھارت تجارت کرتا ہے اور دوسری طرف ہمارے لوگوں کو قتل کرتا ہے ۔حکومت ایسے اقدامات کرے تاکہ قوم متحد ہو، بلوچستان اور کے پی کے مسائل حل کیے جائیں، ملک میں لاپتہ افراد کا مسئلہ حل ہونا چاہیے ، افغانوں کی باعزت وطن واپسی ہونی چاہیے ، عوام کے ساتھ انصاف ہوگا تو قوم یکجا ہوگی، تمام افواج کو بھارت کے خلاف تیار ہونا ہوگا، ہم اپنی خود مختاری اور وقار پرسمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ اگر بھارت کو پہلے سخت جواب دیا جاتا تو آج اسے دھمکیوں کی جرات نہ ہوتی۔جتنے سیاسی قیدی ہیں ان کو رہا کیا جائے ، سیاسی پارٹیوں کو اختلاف حکومت سے ہے ملک سے نہیں۔ نواز شریف کا وہ بیان جو بھارت نے عالمی عدالت میں پاکستان کے خلاف پیش کیا اس پر سابق وزیراعظم کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں