2024تک دائرسزائے موت کی تمام اپیلیں نمٹادیں:سپریم کورٹ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے چھ ماہ میں سزائے موت کے ریکارڈ مقدمات کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام اپیلیں نمٹا دیں۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چھ ماہ کے عرصے کے دوران سپریم کورٹ نے 238 سزائے موت کی زیر التواء اپیلوں کے فیصلے کیے ،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے عہدہ سنبھالنے کے وقت سپریم کورٹ میں سزائے موت کی 410 اپیلیں تھیں، گزشتہ چھ ماہ میں مزید 44 اپیلیں دائر ہونے سے مجموعی تعداد 454 ہو گئی تھی،گزشتہ برس اسی مدت میں سپریم کورٹ نے 26سزائے موت کی اپیلوں کے فیصلے کیے تھے ،اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے فوجداری مقدمات نمٹانے کیلئے تین مستقل بینچ تشکیل دئیے ،خصوصی بینچوں نے کئی ہفتے مسلسل کام کر کے سزائے موت کے مقدمات نمٹائے ، اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 2024 تک دائر ہونے والی سزائے موت کی تمام اپیلیں نمٹا دیں اور اب تک نئے سال کی 44 اپیلیں زیر التوا ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگلے مرحلہ میں عمر قید کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کو ترجیح دی جائے گی۔