کرکٹرز سیاست نہ کریں یہ ہمیں کرنے دیں، ہم جیسے 14 سال قید کاٹ سکتے ہیں آپ نہیں : صدر زرداری

کرکٹرز سیاست نہ کریں یہ ہمیں کرنے دیں، ہم جیسے 14 سال قید کاٹ سکتے ہیں آپ نہیں : صدر زرداری

لاہور، اسلام آباد،(سپیشل رپورٹر، نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں)صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ وہ اس نسل سے تعلق رکھتے ہیں جس نے پاکستان اور بنگلا دیش کی علیحدگی کا دکھ دیکھا، لیکن آج کی نسل اس درد سے ناواقف ہے، دونوں ممالک کو ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ،ہمیں اب ملکر ان زخموں کا مداوا کرنا ہوگا۔

کرکٹر سیاست نہ کریں یہ ہمیں کرنے دیں ،ہم جیسے 14 سال قید کاٹ سکتے ہیں آپ نہیں۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کر تے کہی ۔اس موقع پر صدر نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی اور حالیہ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کو سفیرِ کھیل قرار دیتے ہوئے انکے جذبے اور کھیل کے معیار کی تعریف کی اورکہا دونوں ممالک کے عوام کی فلاح کے لیے اقدامات کرنا ہونگے ۔ بنگلا دیش آج کامیاب ملک کے طور پر دنیا میں پہچانا جاتا ہے ، اور جیسے پاکستان وسائل سے مالا مال ہے ، ویسے ہی ڈھاکا بھی قدرتی نعمتوں سے مالامال ہے ۔ دونوں ملکوں میں تعاون کی بڑی گنجائش ہے ۔صدر نے کہاکھیل، خصوصاً کرکٹ، دونوں ممالک میں روابط بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہیں، اس سلسلے میں مزید اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ خطے میں ہم آہنگی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے ۔دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر ہاؤس میں صدر زرداری سے ملاقات کی، مجموعی سیاسی ،معاشی صورتحال اور خارجہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے صدرکو ملاقات میں حالیہ بیرون ممالک کے دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا،اس موقع پر گورنر پنجاب سلیم حیدر ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر داخلہ محسن نقوی اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے ۔ صدر نے اس موقع پر کہا ہم نے ملکر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ،پاکستان کی کامیابیوں کو آج دنیا تسلیم کررہی ہے ، کسی کو پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے ،حکومت کو عام آدمی کے ریلیف کیلئے آئندہ بجٹ میں اقدامات اٹھانے چاہئیں،سیاسی اتحادیوں کو ملکی مفاد میں ملکر آگے چلنے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان نے جنگی میدان میں اس صدی کی نئی تاریخ قائم کی، پاکستان پر امن ملک ہے ، ہم بھارت سے جنگ نہیں چاہتے ، دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو پہلے سے زیادہ اور بڑے سر پرائز دینگے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دوست ممالک کے دورے بہت کامیاب رہے ، پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ، پاک افواج کی وجہ سے کوئی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔ دنیا پاکستان کی جنگی مہارت کی معترف ہوگئی، عالمی سطح پر ہمارے موقف کی حمایت ہی اصل میں ہماری جیت ہے ، پاکستان چین، ترکیہ، آذربائجان دوستی نئے باب کا آغاز ہے ، سفارتی وفد بھارت کے جھوٹ کے جواب میں دنیا کے سامنے اپنا موقف رکھے۔

 لاہور (سلمان غنی)گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ صدر ، وزیر اعظم ملاقات میں بھارتی طرز عمل اور بلوچستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی اور وزیراعظم شہباز شریف نے صدر کو اپنے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ بلوچستان اور وہاں قومی جرگہ بارے بتایا اور کہا کہ فیصلہ یہی ہے کہ ہمیں ہر قیمت پر بلوچستان میں امن بحال کرنا ہے اور دہشتگردوں کو انکے انجام پر پہنچانا ہے ۔ لاہور میں صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات پردنیا نیوز سے گفتگو کرتے گورنر پنجاب نے کہا صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن پاکستان کی ضرورت ہے اور دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں ہونا چاہئے اور بلوچستان حکومت اس حوالے سے اپنا ممکنہ کردار ادا کرے گی، بھارت کو ہونے والی شکست کے بعد بھارتی لیڈر شپ کی جانب سے پھر سے جارحانہ بیانات بارے اتفاق رائے تھا کہ ہمیں اپنے ذمہ دارانہ طرز عمل اور حکمت عملی پر کاربند رہنا چاہئے پاکستان کے موقف کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے اور بھارت کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے بھارت دوبارہ جارحیت کی جرات کرے گا تو پھر اسے ویسا ہی جواب ملے گا ۔ ملاقات بارے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز بارے ملاقات اہم ہے اور طے پایا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف قومی اتحاد و یکجہتی کی فضا جاری رہنی چاہئے ،ملکی سلامتی اور بقا پر کسی سیاست کی گنجائش نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں