الحمداللہ!آسانیوں کے دن آچکے،عوام دوست بجٹ پر وزیراعظم کو مبارکباد:مریم نواز

الحمداللہ!آسانیوں کے دن آچکے،عوام دوست بجٹ پر وزیراعظم کو مبارکباد:مریم نواز

لاہور (دنیا نیوز،نیوزایجنسیاں )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام دوست اورمتوازن بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف اورانکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ الحمدللہ !عوام کیلئے آسانیوں کے دن آچکے ہیں۔

 پارٹی قائد نوازشریف کی رہنمائی اوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں بہترین بجٹ پیش کیا گیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کا پہلا ملازمین ،کسان ،صنعتکار اورعوام دوست بجٹ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بجٹ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا،آئی ایم ایف پروگرام سے نجات حاصل کرنے کا عزم شاندار مستقبل کی نوید ثابت ہوگا، بجٹ میں متوسط طبقے کو ریلیف دیا گیا، مصنوعی مہنگائی مزید کم ہوگی، اللہ کے فضل و کرم سے نئے مالی سال کا بجٹ عوام کیلئے خوشی اور خوشحالی لائے گا۔ پاکستان معاشی گرداب سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ، تعلیم اورصحت کیلئے ریکارڈ بجٹ مختص کرنا مسلم لیگ(ن)کی قیادت کے عوام سے لگاؤ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر اور امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی۔اس موقع پر پاک امریکا دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں امریکا کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا اورپی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی حمایت پر نٹالی بیکر کا شکریہ ادا کیا جبکہ سسٹر سٹیٹ ہونے کے ناطے کیلیفورنیا کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے امریکی کانگریشنل پاکستان کاکس کے ساتھ ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے کہا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے امریکا کا فعال کردار نہایت اہم ہے ۔ پنجاب اور کیلیفورنیا میں تعلقات مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ امریکی سرمایہ کاری اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک میں تعلقات کے مضبوط پل کی مانند ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی جیسے چیلنجز پر امریکا کو اہم عالمی شراکت دار سمجھتے ہیں۔ امریکا کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بین التہذیب مکالمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا تہذیبوں کے درمیان مکالمہ ہی امن، ترقی اور انسانیت کا راستہ ہے ۔ احترام و برداشت کا کلچر جنگ و نفرت کا موثر جواب ہے ۔ پاکستان پرامن ملک ہے جو ہمیشہ مکالمے ، رواداری اور باہمی احترام کا داعی رہا ہے ۔ ہم سب کو مکالمے کی روح سمجھنا ہوگا اوراختلاف کو دشمنی سمجھنے کا رویہ ترک کرنا ہوگا۔ سرزمین فلسطین اور کشمیرمیں جاری مظالم کا واحد پائیدار حل بامعنی ڈائیلاگ سے ہی ممکن ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں