11نئے دانش سکولوں کا منصوبہ

اسلام آباد(رپورٹنگ ٹیم)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے دوران پسماندہ علاقوں کے طلبہ کیلئے 11 دانش سکولوں کے قیام کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ تقریر کے دوران اس امر کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تین دانش سکول آزاد کشمیر، تین گلگت بلتستان اور چار بلوچستان میں قائم کیے جائیں گے ۔ ایک دانش سکول وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بنایا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ دانش سکولوں کے قیام کیلئے آئندہ مالی سال کے دوران 9.8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق دانش یونیورسٹی اسلام آباد بھی قائم کی جائے گی جو دانش سکولوں کا ہی تسلسل ہوگی۔ یہ پسماندہ اور دور دراز کے طلبہ کو اعلٰی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی۔