پنجاب میں سکولوں کو ایک ماہ کیلئے سمر کیمپ لگانے کی اجازت

لاہور(خبر نگار)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سکولوں کو ایک ماہ کیلئے سمر کیمپ لگانے کی اجازت دیدی۔ انکاکہناہے کہ خواہشمند سکولز 16 جون سے 15 جولائی تک ایک ماہ کیلئے سمر کیمپ لگا سکتے ہیں۔۔۔
اس سے زیادہ انعقاد کی اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ کسی سکول کو سمر کیمپ کیلئے الگ فیس لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سمر کیمپ کا دورانیہ صبح 7 سے 10 بجے تک ہوگا جبکہ طلبہ کو یونیفارم سے بھی استثنیٰ ہوگا۔ سمر کیمپ کیلئے ضروری ہے کہ سکول گرمی سے بچاؤ سے متعلق فرسٹ ایڈ، صاف پانی سمیت تمام متعلقہ بنیادی سہولیات فراہمی یقینی بنائیں۔ وزیر تعلیم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن دفاترکو ہدایت کی ہے کہ تمام سی ای اوز سمر کیمپ کے دوران سکولوں کی مانیٹرنگ اور سہولیات فراہمی کا جائزہ لیتے رہیں۔ سمر کیمپ میں زبردستی بلانے کی اجازت نہیں، جو طلبہ آنا چاہیں صرف انہیں بلایا جائے ۔ وزیر تعلیم نے سہولیات فراہمی کی شرط پر تمام پبلک وآفٹر نون سکولز کو بھی سمر کیمپ لگانے کی اجازت دیدی ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے سمر کیمپ کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔