سب کو کھلا چیلنج، میری حکومت گرا کر دکھاؤ ، اگر ایسا ہوگیا تو سیاست چھوڑ دوں گا : علی امین گنڈا پور

سب کو کھلا چیلنج، میری حکومت گرا کر دکھاؤ ، اگر ایسا ہوگیا تو سیاست چھوڑ دوں گا : علی امین گنڈا پور

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ سب کو کھلا چیلنج ہے میری حکومت گرا کر د کھائیں سیاست چھوڑ دوں گا، محرم کے بعد تحریک چلائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں خیبر پختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی، پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہمارے اتحاد کا پیغام ہے ، تحریک انصاف میں دراڑپیدا کرنا مخالفین کی بھول ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں9مئی سے پہلے گرفتار ہوا تھا، آئین توڑا گیا اورہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، نومئی بانی کے خلاف نفرت پھیلانے اور تحریک انصاف کے خلاف سازش تھی۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے گرفتار کرکے بانی کے خلاف بیان دینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا، نو مئی بہانہ تھا بانی پی ٹی آئی نشانہ تھے ، آئینی طریقے سے حکومت کونہیں گرایا جاسکتا، خیبر پختونخوا میں گورنرراج لگانا ہے تولگا کردیکھ لیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کے پی پولیس دہشت گردوں کا ڈٹ کرمقابلہ کررہی ہے ،گنڈاپور نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ ریاست اور اداروں پر بدنما داغ ہے ، اختیار سب عمران خان کے پاس ہے وہ جب چاہیں حکومت گرانے کا حکم دے دیں، آئینی طریقے سے کبھی بھی ہماری حکومت نہیں گرائی جاسکتی۔پاکستان کی سیاسی تاریخ کا بدنما داغ ہے جو پوری ریاست اور اداروں پر لگ چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ26 ویں آئینی ترمیم عدلیہ پر ایک حملہ ہے اور جب تک ہم واپس اقتدار میں آکر اس کو واپس نہیں کرتے تب تک عدلیہ قید رہے گی۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میری ملاقات کروائی جائے ، میں نے یہ بھانپ لیا تھا کہ ملاقات نہیں کروائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی نہیں کہا تھا کہ اگر مجھ سے ملاقات نہ کروائی جائے تو حکومت جانے دینا، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب بجٹ کے بعد ملاقات ہوئی تو ثابت ہوگیا کہ عمران خان حکومت چھوڑنے کے حق میں نہیں تھے ۔میرا یہ چیلنج ہے کہ غیر آئینی طریقے سے کچھ نہ کریں ، آئینی طریقے سے آپ کچھ بھی نہیں کرسکتے ۔انہوں نے کہا کہ ویسے تو ریاست ماں ہوتی ہے مگر یہ ریاست ہمیں فرعونیت دکھا رہی ہے ، تم ہمارے بندوں کو نہیں توڑ سکتے اور کسی کی اتنی اوقات نہیں کہ وہ عمران خان کے لوگوں کو توڑ دے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا سازش کے بغیرہماری حکومت گرائی نہیں جاسکتی ۔ان کا کہنا تھاکہ مجھے پورے پاکستان کے چکر لگوائے گئے کہا پی ٹی آئی چھوڑ دیں ،تحریک سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ محرم کے بعد ہم ملک گیر سطح پر اپنی سیاسی تحریک شروع کرنے جارہے ہیں اور اس کو بڑھائیں گے ، اگر ہم پر گولیاں چلیں تو جواب بھی ویسے ہی آئے گا۔سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے مٹی ڈالو اور آگے بڑھو ، 8فروری کو عوام نکلے یہ تاریخی دن تھا ، اس دن کو ہم بھولیں گے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی جنگ لڑتے رہیں گے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، یہ انسانیت اور حقوق کی جنگ ہے ، ہماری سیٹیں چھین لینے سے جنگ ختم نہیں ہوگی۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جس کا شوق ہے وہ خیبر پختونخوا میں تحریک عدم اعتماد لا کر دیکھ لے ، جو لوگ تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان کے پاس مطلوبہ نمبر پورے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا تن من دھن عمران خان کے لیے ہے ، ہمارے کوئی ذاتی اختلافات نہیں ہیں، ہم متحد ہیں اور رہیں گے ، عمران خان جس بھی تحریک کا اعلان کریں گے ہم اس پر عمل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کی ہر حال میں حفاظت کریں گے ،ہم مذاکرات کے لئے بھی تیار ہیں ،بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ ڈائیلاگ کی بات کی۔سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جیلوں میں قید کارکنوں کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے ، چیف جسٹس ہمارے کارکنوں کی اموات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنائیں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ قرارداد منظور کی گئی ہے کہ پارٹی عمران خان اور دیگر اسیر رہنماؤں کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی، پارلیمانی پارٹی مخصوص نشستوں کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتی اور اس کے خلاف ہر آئینی اور قانونی طریقہ اپنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پارٹی عدلیہ کے اوپر حکومتی دباؤ کو مسترد کرتی ہے ، اور مطالبہ کرتی ہے کہ عدلیہ اپنی میرٹ اور آزادی کے لیے کھڑی ہو۔جنید اکبر نے کہا کہ باہمی اختلاف اپنی جگہ مگر عمران خان کی بات پر ہم پہلے بھی اکٹھے تھے اور آئندہ بھی اکٹھے رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں