صدر تبدیلی کی خبرکے پیچھے غیرملکی سازش نہیں لگتی:راناثنا
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے صدر مملکت کی تبدیلی کے حوالے سے خبرکے پیچھے کوئی غیرملکی سازش نہیں لگتی ۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا میری نظر میں اس خبر کی باقاعدہ تردید کرنا غیرضروری تھا کیونکہ اس خبر میں کوئی دم خم نہیں ہے کہ اس کو باقاعدہ ایڈریس کرکے تردید کی جاتی، صدر مملکت کی تبدیلی کے حوالے سے بس اتنا کہنا ہی کافی تھا کہ خبر غلط ہے ۔جس طرح غیرملکی سازش کا کہا گیا مجھے نہیں لگتا اس خبر کے پیچھے کوئی غیرملکی ایجنسی یابیرونی عناصر ہوسکتے ہیں۔اس کو اتنا سنجیدہ نہیں لینا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا پیپلزپارٹی پر کابینہ میں شامل ہونے کیلئے کوئی دبا ؤنہیں ہے اس نظام نے موجودہ ارینجمنٹ کے تحت ہی چلنا ہے ۔جب تک بھی چلنا ہے ، اس میں اگر کوئی فرق لایا جائے گا تو مشکل پیدا ہوگی۔پیپلزپارٹی بھی اس نظام پر قائم ہے ، پیپلزپارٹی کا کابینہ کا حصہ بننا اب ممکن نہیں ہے ۔