ریسٹورنٹس رات12بجے بند ،پابندی نہ کرنے پرکارروائی کاحکم

ریسٹورنٹس رات12بجے بند ،پابندی نہ کرنے پرکارروائی کاحکم

لاہور (کورٹ رپورٹر ) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران وقت کی پابندی نہ کرنے والے ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے واضح ہدایت جاری کی کہ تمام ریسٹورنٹس رات 12 بجے بند کیے جائیں۔

کیس کی سماعت جسٹس شاہد کریم نے کی، اس کے دوران ممبر ماحولیاتی کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پنجاب بھر کے 760 کالجز میں شجرکاری کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے ۔جسٹس شاہد کریم نے دوران سماعت ریمارکس د یئے کہ نہر کنارے کوئی درخت عدالت کی اجازت کے بغیر نہیں کاٹا جائے گا۔ عدالت نے مزید تجویز دی کہ جوہر ٹاؤن کے علاقے میں میاواکی طرز پر درخت لگانے کا آغاز کیا جائے تاکہ ماحولیاتی بہتری کو فروغ دیا جا سکے ۔ جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ سموگ ایمیشن اینالائزر مشین کا افتتاح کب ہو گا؟ جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ افتتاح کچھ وجوہات کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا ہے ۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ مشین کے افتتاح میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور سموگ کے تدارک کے لیے تمام اقدامات کو تیز کیا جائے ۔عدالت نے ہدایت کی کہ ہرن مینار کے قریب دھواں چھوڑنے والے بھٹے کو فوری بھاری جرمانہ کریں،شیخوپورہ میں تمام بھٹہ مالکان کو آگاہ کر دیں خلاف ورزی ہوئی تو بھٹہ گرا دیا جائیگا،عدالت نے درخواستوں پر سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں