قومی اسمبلی :وزرا،اپوزیشن ارکان کا میاں اظہر کو خراج عقیدت

قومی اسمبلی :وزرا،اپوزیشن ارکان کا میاں اظہر کو خراج عقیدت

اسلام آباد(نامہ نگار، دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ نو مئی مقدمات میں سزا پانے والے شور نہ مچائیں عدالت جائیں۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نفرت میں اتنا آگے چلے گئے ایک ساتھ بیٹھ بھی نہیں سکتے۔

ارکان نے رکن اسمبلی میاں محمد اظہر کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کے انتقال سے سیاسی خلا کبھی پر نہیں ہوگا وہ ایک زیرک سیاستدان تھے ۔قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا ،ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے عطا تارڑکا کہنا تھا کہ یہاں علی محمد خان کو بتاؤں شہباز شریف کی والدہ کا انتقال ہوا، عدالت نے حاضری سے استثنیٰ نہیں دیا، ان کو سزائیں 9مئی کے واقعات پہ ملی ہیں، اس پہ شور نہ مچائیں عدالت جائیں، نومئی کیا ہے بھگتنا پڑے گا۔لاہور کی سیاسی تاریخ میں میاں اظہر کا نام ہمیشہ رہے گا۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پیپر پھاڑنے اور نعرے لگانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ دنیا سے جانے والوں کو اچھے الفاظ میں یاد کیا جاتا ہے ۔ ہم سب کو اپنی غلطیوں کا ادراک کرنا چاہیے لیکن اب سیاست میں ایسا وقت آ گیا کہ ایک دوسرے سے ملنے سے ڈر لگتا ہے ۔ سیاستدانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا ختم کر دیا حالانکہ شہباز شریف جب اپوزیشن لیڈر تھے اس وقت بھی ہاتھ بڑھایا۔ اور وزیر اعظم نے آج بھی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی۔ نفرت میں اتنا آگے چلے گئے ہیں کہ آج ایک ساتھ بیٹھ بھی نہیں سکتے ۔ یہ نظام آپس میں مل بیٹھنے سے ہی ٹھیک ہو گا۔ جب تک اپنی غلطیوں کا اعتراف نہیں کریں گے ۔ اس وقت تک معاملات آگے نہیں بڑھیں گے ۔ ہم ایک دوسرے کا گریبان پکڑیں گے اور بات نہیں کریں گے تو معاملات ایسے ہی چلتے رہیں گے ۔ اربعین زائرین کے بذریعہ سڑک سفر پر پابندی مستقل نہیں بلکہ کچھ ہفتوں یا دنوں کے لیے ہے ۔ سکیورٹی کی صورتحال بہتر کرنے کے بعد یہ پابندی ہٹائی جائے گی۔ اجلاس کے آغاز میں رکن قومی اسمبلی میاں محمد اظہر، سابق ارکان قومی اسمبلی عبدالستار بچانی، سید تنویر الحسن گیلانی ، دہشت گردی واقعات، سیلاب اور بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔نومنتخب رکن ارم حامد حمید نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ عامر ڈوگر نے کہاکہ کہ ہم احتجاج بھی کریں گے اور اپنا نقطہ نظر بھی سامنے رکھیں گے ، میاں اظہر کی دعا کے ساتھ جمہوریت کے قتل کی دعا بھی کرا دیں، ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم ڈٹے ہوئے ہیں ہمارے ممبران کا سیاسی قتل کیا گیا ہے ۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب،زرتاج گل، احمد چٹھہ و دیگر ارکان کا سیاسی قتل کیا گیا ۔ میاں اظہر پر ڈنڈے برسائے گئے ۔اس کے بیٹے پر مقدمات بنائے گئے ہیں، اس جبر میں ان کا انتقال ہوا ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میاں اظہر نے صاف ستھری سیاست کی ۔اﷲ ان کی مغفرت فرمائے ۔ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میاں اظہر سیاست اور شرافت کے پیکر تھے ۔ فاروق ستار نے کہا کہ وہ ایک زیرک اور کہنہ مشق سیاستدان تھے ، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہاکہ میاں اظہر کی میرے حلقے میں زمینیں تھیں ان کا اچھا اثر رسوخ ہے ، مجھے دلی دکھ ہوا ہے ، علی محمد خان نے کہا کہ میاں اظہر سے جب بھی پوچھتا تھا حماد کیسا ہے تو ان کے چہرے پر پریشانی سی آجاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کب تک خوف اور سنگینوں کے سائے میں سیاستدانوں کے جنازے پڑھے جائیں گے ۔پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ثنا للہ مستی خیل ، اعظم نذیر تارڑ اور محمد علی سرفراز ودیگر نے بھی میاں اظہر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعدازاں سپیکر نے اجلاس آج صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں