پی ٹی آئی کا آج ملک بھر میں احتجاج، لاہور پولیس کی پکڑ دھکڑ

پی ٹی آئی کا آج ملک بھر میں احتجاج، لاہور پولیس کی پکڑ دھکڑ

لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور(سیاسی نمائندہ، اپنے نامہ نگار سے، کرائم رپورٹر، دنیا نیوز، خبرنگار، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف آج منگل 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کرے گی، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی قیادت میں کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا گیا، حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔

پولیس نے ،پی ٹی آئی کے 300کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔کچھ کو ضمانتی مچلکوں پر چھوڑ دیا گیا ، پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کو حتمی شکل دیدی جبکہ ضلعی انتظامیہ نے 7 روز کیلئے راولپنڈی میں دفعہ 144نافذ کردی، پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل کے باہر بھی احتجاج کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے آج پانچ اگست کو راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر تحریک انصاف نے احتجاج کی کال دیدی ۔ اراکین قومی اسمبلی، سینیٹرز ، کارکنوں کے ہمراہ سلمان اکرم راجہ کی قیادت میں جیل کے باہر احتجاج کریں گے ۔ ضلعی انتظامیہ و جیل حکام نے سکیو رٹی ریڈ الرٹ کر دی ۔ اڈیالہ روڈ پر ہر قسم کی ٹریفک بند،راستے سیل کر دیئے گئے ۔ پولیس کی بھاری نفری جیل کے اطراف اور راستوں پر تعینات کر دی گئی ۔نفری کو آنسو گیس اور اینٹی رائیڈ کا سامان مہیا کر دیا گیا ۔جیل کے اطراف میں رینجرز تعینات ہو گی جیل میں وکلا اور فیملی ملاقات کا دن ہونے کے باعث بانی پی ٹی آئی کے چھ وکلا فیملی علیمہ خان و بہنیں اور بشریٰ بی بی کی فیملی بھی ملاقات کے لئے آئے گی ۔ راولپنڈی میں سکیو رٹی کو ریڈ الرٹ لیول دیدیا گیا ۔ ضلعی انتظامیہ نے سات روز کے لیے راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ شہر میں اجتماعات، ریلیاں، دھرنوں، جلسے اور جلوسوں پر مکمل طور پر پابندی عائد رہے گی۔دفعہ 144 کا نفاذ 10 اگست تک نافذ العمل رہے گی۔ اڈیالہ جیل میں بانی سے وکلا اور فیملی کی ملاقات کا دن کوارڈینیٹر انتظار حسین پنجوتھا نے چھ وکلا کے ناموں کی فہرست جیل حکام کو بھجوا دی ۔ اڈیالہ روڈ کو سیل کرکے اڈیالہ جیل کی سکیو رٹی کو ریڈ الرٹ کیا جائے گا ۔ اڈیالہ جیل کے اطراف پنجاب رینجرز تعینات ہوگی۔راولپنڈی پولیس اور رینجرز کے جوان مشترکہ گشت کریں گے ۔ لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کی قیادت، اہم رہنما ئو ں اور ٹکٹ ہولڈرز کے گھروں پر چھاپے مارنے اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا ، لاہور میں 300 کے قریب کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ان افراد کو شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔شاہدرہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما اکمل خان باری کے گھر چھاپہ مارا تاہم اکمل خان فرار ہوگئے ۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ان کے چھوٹے بھائی محمود اللہ خان کو گرفتار کرلیاہے ۔ سلمان اکرم نے پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر گرفتاری کے خدشہ پراسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان صوبائی اسمبلی اپنے متعلقہ حلقوں میں احتجاج کریں گے ، مرکزی قیادت نے تمام صوبائی صدور اور چیف آرگنائزرز سے مشاورت مکمل کرلی۔ لاہور میں تحریک انصاف کا ایک مقام پر بڑا پاور شو کرنے کا خواب دم توڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف پنجاب نے ہدایات جاری کر دیں۔آج پنجاب بھر میں ضلعی اور یو سی سطح پر احتجاج اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے 5 اگست کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن مینا خان کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور پشاور میں مرکزی ریلی کی قیادت کریں گے ، جبکہ صوبے کے تمام اضلاع میں علیحدہ علیحدہ احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ مرادن، صوابی اور نوشہرہ سے آنے والے قافلے صوابی انٹرچینج پر جمع ہوں گے ۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈر، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین، پارلیمانی پارٹی کی سربراہ اور متعدد سرکردہ ارکان کو پولیس تلاش کر رہی ہے ۔ادھرترجمان پی ٹی آئی کے مطابق احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں کارکن پاکستان کے پرچم سمیت سفید پرچم اور پارٹی پرچم ہمراہ لائیں گے ۔ ترجمان کے مطابق تحریک انصاف پنجاب نے بھی اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں،دوسری جانب پولیس نے امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے اہم سرکاری عمارتوں کے باہر اور مرکزی شاہراہوں پراینٹی رائٹ کے دستے تعینات ہوں گے ۔لاہور پولیس کے اینٹی رائٹ مینجمنٹ فورس کے دستوں سمیت 10 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ نفری کا ایک بڑا حصہ پولیس لائنز میں الرٹ رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں