یومِ شہداء پولیس:تقریبات میں شمعیں روشن، قبروں پر سلامی
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور سمیت پنجاب بھر میں یومِ شہداء پولیس انتہائی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تمام اضلاع میں پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شہداء کی یادگاروں اور قبروں پر سلامی دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی گئی،شمعیں روشن کرنے کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔شہداء کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیے مساجد میں قرآن خوانی اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ الحمرا ہال میں پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور تھے ۔تقریب میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز سمیت دیگر اعلیٰ افسران، پولیس شہداء کے اہلِ خانہ، سینئر صحافی سلمان غنی، فنکار سہیل احمد، افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، گلوکارہ حمیرا ارشد، ساحر علی بگا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
آئی جی پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال میں پنجاب کو محفوظ صوبہ بنایا، پنجاب پولیس نے سال کے 365 میں سے 353 دن قربانیاں دیں، صرف 12 دن شہادت سے خالی رہے ۔ 2017ء سے قبل کے شہداء کی 712 فیملیز کو پلاٹس اور مالی امداد دی گئی، سانحہ چیئرنگ کراس کے بعد وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہلِ خانہ کو گھر دینا شروع کیے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان دلیری سے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے رہیں گے ۔چیف سیکرٹری پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی موجودہ صورتحال شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔تقریب میں پولیس شہداء کے بچوں نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ 2017ء سے قبل کے شہداء کے اہلِ خانہ میں پلاٹس کی فائلیں تقسیم کی گئیں، جبکہ 26 شہداء کے آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو لیپ ٹاپ دیے گئے ۔گلوکارہ حمیرا ارشد نے شہادت کے موضوع پر ملی نغمے پیش کیے۔ آئی جی پنجاب نے تقریب کے شرکاء کو سووینئرز پیش کیے ۔ بعد ازاں آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔