شیخوپورہ: 10سالہ بچے سمیت 2 افراد ڈوب کر جاں بحق
شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں 10 سالہ بچے سمیت 2 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے نواحی علاقے نیاز کوٹ میں 10 سالہ بچہ علی گزشتہ روز اپنے دوستوں کے ہمراہ جوہڑ میں نہا رہا تھا کہ اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر مقامی افراد اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور جوہڑ سے لاش نکال کر ورثا کے حوالے کر دی۔ادھر جاتری روڈ پر واقع گاؤں لیاقت آباد کے تالاب سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ راہگیروں کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو تالاب سے نکالا۔ متوفی کی فوری طور پر شناخت نہ ہو سکی۔ مانانوالہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔