ٹوبہ ٹیک سنگھ :ناجائز تعلقات کا شبہ ، نو جوان کو قتل کر دیا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ناجائز تعلقات کے شبہ میں ملز موں نے ڈنڈوں، کلہاڑی اور پستول کے وار سے نوجوان کو قتل کر دیا۔
نواحی چک نمبر 294 گ ب کے رہائشی ظفر اقبال نے تھانہ رجانہ میں مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے 22 سالہ اکلوتے بیٹے حماد ظفر اور بھتیجوں کے ساتھ زرعی رقبہ کو پانی لگانے کے بعد گھر واپس آ رہے تھے کہ گھات میں بیٹھے عمر، رمضان، ذیشان، رانا نصیر وغیرہ نے حماد کو پکڑ کر ڈنڈوں سے مارنا شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ملزموں نے ہمیں پستول سے خوفزدہ کر کے گھر میں محبوس کر دیا جبکہ حماد کو ڈنڈوں، کلہاڑی اور پستول کے وار سے شدید زخمی کر کے فرار ہو گئے ۔ زخمی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ظفر اقبال کے مطابق ملزم عمر کو شک تھا کہ مقتول کے اس کی کزن سے تعلقات ہیں، حالانکہ یہ الزام بے بنیاد تھا۔انہوں نے کہا کہ اسی رنجش کی بنا پر میرے اکلوتے بیٹے کو ناحق قتل کیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔