سینیٹ:فوجداری قوانین، پاکستان بیت المال سمیت 6ترمیمی بلز منظور

سینیٹ:فوجداری قوانین، پاکستان  بیت المال سمیت 6ترمیمی بلز منظور

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)سینیٹ نے 6ترمیمی بلز منظور کر لیے جن میں فوجداری قوانین ترمیمی بل 2024 ، بچوں کے روز گار کی ممانعت کے بل 2022 ،پاکستان بیت المال (ترمیمی) بل 2024 ، پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل 2023 ، پاکستان کونسل برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2023 اور ہائر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2024 شامل ہیں۔۔۔

 جبکہ سوشل میڈیا (حد عمر برائے صارفین) بل 2025 محرک نے واپس لے لیا۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہوا، جس میں متعدد بلز واپس لے لئے گئے ۔ایوان بالا میں سینیٹر شہادت اعوان نے تحریک پیش کی کہ پاکستان بیت المال ایکٹ 1992 میں مزید ترمیم کا بل قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے ۔تحریک کی منظوری کے بعد ایوان سے بل کی شق وار منظوری لی گئی۔ ایوان بالا میں سینیٹر فوزیہ ارشد نے تحریک پیش کی کہ بچوں کے روزگار کی ممانعت اور بعض پیشوں میں نوعمر افراد کی ملازمت کے انضباط کا بل قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے ۔تحریک کی منظوری کے بعد ایوان سے بل کی شق وار منظوری لی گئی۔ سرمد علی نے سوشل میڈیا حد عمر برائے صارفین کے لئے قانون وضع کرنے کا 21 جولائی کو پیش کیا گیا بل واپس لینے کی تحریک پیش کی جس کی منظوری کے بعد بل واپس لے لیا گیا۔ ثمینہ ممتاز زہری کے 3 بل ان کی درخواست پر موخر کردیئے گئے ، جبکہ سینیٹر ہدایت اللہ کی طرف سے پیش کیا گیا فاطمہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل 2025 متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیاگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں