پشاورہائیکورٹ :قومی اسمبلی،سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرزتقرر پرحکم امتناع میں توسیع
پشاور(آئی این پی)پشاورہائی کورٹ نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کاتقرر نہ کرنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی۔جسٹس وقاراحمد اورجسٹس ڈاکٹر کامران حیات میاں خیل نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز کی ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔۔۔
درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپیکر اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ نے درخواست گزاروں کو ڈی نوٹیفائی کیا، اس پر ہم نے عدالت سے رجوع کیا۔ عمر ایوب اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور شبلی فراز اپوزیشن لیڈر سینیٹ ہیں ،عدالت نے گزشتہ سماعت پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری روک دی۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو نااہل کیا، اس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی سے روکا۔ عدالتی احکامات کے بعدسپیکر اورچیئرمین سینیٹ نے درخواست گزاروں کو ڈی نوٹی فائی کیا۔ الیکشن کمیشن اور سپیکر کے کمنٹس ابھی تک نہیں آئے ، سپیشل سیکرٹری لا الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ہمارے کمنٹس تیار ہیں ، تاہم کیسز کی وجہ سے جمع نہیں کروائے ۔ جسٹس وقار احمد نے کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کی۔بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔