لاہور، عارفوالا:نہم امتحان میں ناکام ، مزید2طالبات کی خودکشی

لاہور، عارفوالا:نہم امتحان میں ناکام ، مزید2طالبات کی خودکشی

لاہور(کرائم رپورٹر، خبرنگار، نیوز ایجنسیاں ) لاہورکے علاقے گلدشت ٹائون اور عارفوالا میں نہم جماعت کے امتحانات میں ناکامی پر مزید 2طالبات نے خودکشی کرلی۔ رحیم یارخان میں امتحان میں فیل ہونے پر نہر میں کودنے والی طالبہ کو بچالیا گیا۔

 فیصل آباد میں حالات کے ستائے نوجوان نے پھندا لیکر جان دیدی، جبکہ امتحان میں فیل ہونے پر دلبرداشتہ ہوکر تیزاب پینے والے طالبعلم کی حالت نازک ہے ۔ تفصیل کے مطابق لاہور کے تھانہ جنوبی چھائونی کی چوکی گلدشت ٹاؤ ن میں نویں کے امتحان میں فیل ہونے پر شدید ذہنی دبائو کا شکار 17 سالہ طالبہ مناہل نے زہریلی گولیاں کھاکر جان دیدی۔عارفوالا کے نواحی گائوں 26/EB میں نویں جماعت کی 15سالہ طالبہ(م) نے بھی امتحان میں ناکامی  پر پسٹل سے گولی مارکر زندگی ختم کرلی۔رحیم یار خان کے نواحی علاقہ کوٹ سمابہ میں نویں جماعت کے نتیجے سے مایوس ایک طالبہ نے عباسیہ لنک نہر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی۔ شہریوں نے فوری طور پر اسے نہر سے نکال کر جان بچائی۔ فیصل آباد کے چک 65 ج ب میں نویں جماعت کے طالبعلم بابر علی ولد نعمت علی نے دو پیپرز میں فیل ہونے پر تیزاب پی لیا، ہسپتال میں حالت نازک، ڈاکٹر اسکی جان بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔فیصل آباد کے ہی تھانہ صدر کے علاقہ 225 رب احمد نگر میں بیروزگار اشفاق احمد آئے روز گھر والوں سے جھگڑے سے دلبرداشتہ ہوکر گلے میں پھندا ڈال کر چھت پر لگے پنکھے سے جھول گیا۔واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی دو طالبات اور ایک طالبعلم نے نویں جماعت کے امتحان میں ناکامی سے دلبرداشتہ ہوکر اپنی زندگیاں ختم کرلی تھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں