نئے تعمیر ہونے والے مکان مالک خواتین کیلئے اثاثہ، بلاول
لاڑکانہ (نمائندہ دنیا) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے سیلاب متاثر ہ 21 لاکھ خاندانوں کیلئے تعمیر ہونے والے گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام کرنے کے پیچھے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سوچ کارفرما ہے جو خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے پر یقین رکھتی تھیں، نئے تعمیر ہونے والے مکان صرف گھر نہیں ان کی مالک خواتین کے لیے اثاثہ ہیں۔
میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے تعلقہ رتو ڈیرو کے گاؤں راہوجا میں سیلاب متاثرہ افراد کے لئے تعمیر اور زیرتعمیر گھروں کا دورہ اور مالکانہ حقوق کی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب میں بلاول بھٹو نے نئے گھروں کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے والی خواتین اور ان کے خاندانوں کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے گھروں کی تعمیر سے میں نے اور حکومت سندھ نے آپ سے کیا اپنا وعدہ پورا کردیا ہے ، یہ گھر کوئی ان سے چھین نہیں سکتا، ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سوچ لے کر چل رہے ہیں، جنہوں نے عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان دینے کا وعدہ کیا تھا۔ بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کیلئے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے سے متعلق حکومت سندھ کی کاوشوں و عزم کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے نئے تعمیر ہونے والے گھروں کو شمسی توانائی کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ان کی بجلی کا مسئلہ حل کیا جاسکے ، جبکہ صوبائی حکومت ان گھروں کو واش کی فیسیلٹی فراہم کرنے کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے ۔ دورے کے دوران بلاول گاوَں راہوجا کے باسیوں کے ساتھ گُھل مل گئے اور ان سے گھروں کی تعمیر، معاشی حالات اور بچوں کی تعلیم کے حوالے سے بات چیت کی۔ دریں اثنادورے کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو کو سندھ پیپلز ہاؤسنگ اور سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔