9مئی :گاڑی جلانے کے کیس میں 4گواہوں کے بیانات ریکارڈ
لاہور،راولپنڈی (کورٹ رپورٹر، خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی کو جناح ہاؤس کے قریب سپریم کورٹ جج کے سکواڈ کی گاڑی جلانے کے مقدمے میں 4 نئے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرالیے گئے۔
اے ٹی سی لاہور عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی اور ملزموں کے خلاف 4 نئے گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ۔دوران سماعت مقدمے کے 7 گواہوں کے بیانات پر ملزموں کے وکلا نے جرح مکمل کرلی ہے ، جس کے بعد کیس کی مزید سماعت آج منگل تک ملتوی کردی گئی۔اس موقع پر عدالت نے مقدمے کے جلد فیصلے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ کیا جبکہ 9 مئی سے متعلقہ مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری اور محمود الرشید بھی نامزد ملزموں میں شامل ہیں۔ادھر انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت عدم حاضری پر نہ ہو سکی۔ عدالت نے علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت دو ستمبر تک ملتوی کردی۔