پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل میں قائدانہ کردار ادا کرے : حافظ نعیم

پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل میں قائدانہ کردار ادا کرے : حافظ نعیم

امریکا نے اسرائیل کو اہل غزہ کے قتل عام کا لائسنس دے رکھا :امیر جماعت اسلامی حماس کو سلام پیش کرتے ہیں :ویڈیو پیغام، مشتاق خان کی رہائی پر اظہار اطمینان

لاہور،اسلام آباد (سیاسی نمائندہ،اپنے رپورٹرسے )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ امریکا نے اسرائیل کو فلسطینیوں کے قتل عام کا لائسنس جاری کیا ہوا ہے ، اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے قائدانہ کردار ادا کیا جائے ، ٹرمپ کی خوشامد کی بجائے امت کے جذبات کی باوقار انداز میں ترجمانی ہونی چاہیے ۔ غزہ پر صہیونی جارحیت کے دوسال مکمل ہونے پر اپنے ویڈیو پیغام میں اور ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے بدترین مظالم کے باوجود صبر اور استقامت کا مظاہرہ کرنے پر اہل غزہ اور حماس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلسطینیوں کی مزاحمت کا نتیجہ ہے کہ آج اسرائیل اپنی تمام تر فوجی طاقت اور امریکی مدد کے باوجود حماس سے مذاکرات پر مجبور ہے ، حکومت کو ٹرمپ کی خوشامد میں دوریاستی حل کی رَٹ لگانے کی بجائے واحد فلسطین کی بات کرنی چاہیے ، پاکستان اسلامی ممالک سے مل کر غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے فوج تشکیل دے ، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 12 اکتوبر کو پشاور میں ملین مارچ ہوگا ، اسرائیل نے غزہ میں 67ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی قید سے رہا ہوکر اردن پہنچ گئے ہیں ،اسرائیلی جیل میں سینیٹر مشتاق خان اور گلوبل صمود فلوٹیلا کے دیگر کارکنوں سے جو غیر انسانی سلوک کیا گیا وہ قابل مذمت ہے ، فلسطین ضرور آزاد ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں