شہباز کا عمران کیخلاف ہرجانہ کیس :عطا تارڑ گواہ ، بیان قلمبند
عمران کا بیان جھوٹ پر مبنی ، اخباروں کے تراشے موجود ، وزیر اطلاعات اتنے تراشے تو آ گئے اب کیا سی این این ، بی بی سی کے لگانے ہیں ، جج
لاہور (کورٹ رپورٹر)سیشن کورٹ لاہور میں شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات تارڑ نے بطور گواہ بیان قلمبند کروادیا۔ عطاتارڑ نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے شہباز شریف پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے ۔ عدالت نے عطاتارڑ کو جرح کے لیے 15نومبر کو طلب کرلیا ۔لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی کیخلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت کی۔ وفاق وزیر اطلاعات عطا تارڑ بطور گواہ عدالت میں پیش ہوئے ،بانی پی ٹی آئی کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوسکے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بیان قلمبند کروانے سے پہلے حلف اٹھایا ۔ وزیراعظم شہباز شریف کا تعلق بہت عزت دار گھرانے سے ہے انکی سیاسی و سماجی خدمات پوری دنیا جانتی ہے ۔عطاتارڑ نے کہاکہ سب سے زیادہ پڑھے جانے والے اخبارات ہیں ،ان کی کٹنگز ہیں وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک اور اعتراض نوٹ کر لیں یہ تمام ویڈیوز نہ گواہ کی ملکیت ہیں نہ گواہ نے ریکارڈ کیں، ایسے ہی اخباری تراشے گواہ سے متعلقہ نہیں ہیں اور گواہ کے بیان میں پیش نہیں کئے جا سکتے ۔عطاتارڑ نے کہاکہ مدعا علیہ نے بدنیتی پر مبنی جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے ۔اگلی پیشی پر مزید کچھ دستاویزات جمع کروانے کی اجازت چاہوں گا۔ عدالت نے کہاکہ انکی مرکزی شہادت کو کلوز کر دیں اور جو دیگر گواہ پیش کریں گے انکے ساتھ مزید دستاویزات پیش کر دیں اتنے تراشے تو آ گئے ہیں اب کیا سی این این اور بی بی سی کے لگانے ہیں ۔عدالت نے عطاتارڑ کو جرح کے لیے 15نومبر کو طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی ۔