وزیراعلیٰ سے چینی وفد کی ملاقات:مریم نواز لندن پہنچ گئیں،آج برازیل روانگی
چینی وفد کی سرمایہ کاری میں دلچسپی،پنجاب سرمایہ کاری کے مواقع کے لحاظ سے بہترین دور سے گزررہا ہے :وزیراعلیٰ ہتک عزت کے قوانین بنادئیے ہیں اب کسی کی پگڑی نہیں اچھلے گی،جرائم کی شرح نیچے آگئی :لندن میں میڈیا سے گفتگو
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے گزشتہ روز چین کے نمایاں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی اورپنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے گہری دلچسپی کا اظہارکیا، وزیراعلیٰ نے چینی وفد میں خواتین سرمایہ کاروں کو دیکھ کر مسرت کااظہار کیا۔ مریم نواز ملاقات کے بعد لندن روانہ ہوگئیں اور مختصر قیام کے بعدآج عالمی کانفرنس کوپ 30 میں شرکت کیلئے برازیل روانہ ہوں گی،وہ اجلاس میں پنجاب کے فلیگ شپ پراجیکٹس پر بریفنگ دیں گی اور ان کی اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں ۔گزشتہ رات لندن میں ایوان فیلڈز پہنچنے کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہتک عزت کے قوانین بنادئیے ہیں اب کسی کی پگڑی نہیں اچھلے گی،پنجاب میں جرائم کی شرح نیچے آئی ہے اور خواتین خود کو محفوظ تصور کررہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کارکردگی میں شہباز شریف کا ریکارڈ نہیں توڑا بلکہ میں ان کی ایکسٹینشن ہوں، میرے پاس نواز شہباز کی صورت میں علم اور تجربے کا خزانہ ہے ۔بھارت کے حملے کے بعد جس طرح پاکستان نے جواب دیا اس کا کریڈٹ فیلڈ مارشل کی قیادت اور پوری فوج کو جاتا ہے ۔ قبل ازیں لاہور میں چینی وفد سے ملاقات میں مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے بہترین امکانات موجود ہیں، پنجاب میں بزنس آن لائن ہے ، فائل اور پیپر نہیں آج اپلائی کریں اور کل سے شروع کریں۔ قبل ازیں وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سے ملاقات کی جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی،انہوں نے وزیراعلیٰ کے خصوصی پراجیکٹس کو سراہا ۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے ، انتشار پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے ۔ مریم نوا ز نے یوم شہدائے کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو کشمیر یوں پربھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہئے ۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ تھے ، ہیں اور رہیں گے ۔