ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مزید سخت جرمانے اور پابندیاں نافذ : مریم نواز

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مزید سخت جرمانے اور پابندیاں نافذ : مریم نواز

گاڑیوں کی فٹنس کے ٹیسٹ کرائے جا رہے ، سب سڑک پر ذمہ داری سے چلیں تو حادثات کم ہونگے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، وزیراعلیٰ کا حادثات میں جاں بحق افراد کی یاد میں عالمی دن پر پیغام

 لاہور(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے صوبے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مزید سخت جرمانے اور پابندیاں نافذکردی ہیں ، ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی یاد کے عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہر سال ٹریفک حادثات میں ہزاروں خاندانوں سے پیارے جدا ہوجاتے ہیں،یہ ہر دل کے لیے ناقابل برداشت صدمہ ہے۔ روڈز پر احتیاط کریں،ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون ہرگز استعمال نہ کریں،رفتار کی حد کا خیال رکھیں۔ پیدل چلنے والوں کو ترجیح دیں اور ہمیشہ سڑک پر احتیاط سے گاڑی چلائیں۔پنجاب حکومت روڈز کو محفوظ بنانے کے لیے جامع اور موثر اقدامات کر رہی ہے ۔ مریم نواز نے کہا پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف مزید سخت جرمانے اور پابندیاں نافذ کی گئی ہیں،حادثات سے بچاؤ کیلئے گاڑیوں کی فٹنس کے باقاعدہ ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں ،مختلف اضلاع میں سیف سٹی اور جدید ٹریفک نظم و نسق کے اقدامات عوام کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔اگر سب سڑک پر ذمہ داری سے چلیں تو حادثات کم ہوں گے اور پاکستان کے شہری محفوظ رہیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں