استعمال شدہ گاڑیوں کے امپورٹ قوانین مزید سخت کرنیکا فیصلہ
ای سی سی میں آج بیگیج اور گفٹ سکیم سے متعلق سمری کی منظوری متوقع نئی امپورٹ پالیسی میں غیر معیاری گاڑیوں کی درآمد کی حوصلہ شکنی کی جائیگی
اسلام آباد (مدثر علی رانا) وفاقی حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی امپورٹ سے متعلق سکیموں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں پرسنل بیگیج، گفٹ سکیم اور دیگر امپورٹ طریقہ کار کی جانچ پڑتال مزید سخت بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں پرسنل بیگیج اور گفٹ سکیم کے تحت گاڑیوں کی امپورٹ سے متعلق اہم فیصلہ آج متوقع ہے۔ ای سی سی نے 24 اکتوبر کو اس سمری پر مزید غور کی ہدایت کی تھی تاہم آج اس کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرسنل بیگیج اور گفٹ سکیم کے تحت گاڑیاں منگوانے کے قوانین اور ضابطہ کار مزید سخت کیے جائیں گے اور ان سکیموں کے غلط استعمال کو مؤثر طور پر روکا جائے گا۔ ٹرانسفر آف ریذیڈنس کے تحت گاڑیوں کی امپورٹ کی بھی سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔نئی امپورٹ پالیسی میں وفاقی حکومت غیر معیاری استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی حوصلہ شکنی کرے گی۔ آج ای سی سی اجلاس میں وزارتِ تجارت کی سمری پیش کی جائے گی جس کی منظوری کا قوی امکان ہے ۔